نئی دہلی: ہندوستان اور یورپی یونین (EU) کے چیف مذاکرات کار پیر سے یہاں مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے (FTA) پر مذاکرات کا اگلا دور شروع کریں گے۔ یہ جانکاری دیتے ہوئے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس مشق کا مقصد معاہدے کے پہلے مرحلے کو جلد از جلد مکمل کرنا ہے۔ دونوں فریقوں نے غیر یقینی عالمی تجارتی ماحول بالخصوص امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ٹیرف اقدامات کی وجہ سے اس معاہدے کو دو مرحلوں میں مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اہلکار نے کہا کہ یورپی یونین کا وفد مذاکرات کے 11ویں دور کے لیے یہاں پہنچے گا۔ مذاکرات 16 مئی تک جاری رہیں گے۔'جن امور پر اتفاق رائے ہے وہ معاہدے کے پہلے حصے میں شامل کیے جائیں گے۔ دونوں پارٹیاں اس سال کے آخر تک دوسرے حصے کو مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
مذاکرات کا پچھلا (10واں)دور اشیاء ، خدمات، سرمایہ کاری اور سرکاری خریداری میں مارکیٹ تک رسائی کی تجاویز جیسے شعبوں پر مرکوز تھا۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کے ساتھ دو مرحلوں میں تجارتی معاہدوں پر بھی بات چیت کی۔ کامرس سکریٹری سنیل برتھوال نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اگر تجارتی بات چیت کے لیے کچھ معاملات بہت اہم نہیں ہیں اور ان میں بہت زیادہ وقت لگ رہا ہے، تو بہتر ہے کہ اس کے بجائے بنیادی تجارتی مسائل پر توجہ دی جائے۔