نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز ملک کے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر تالیوں کی گونج کے درمیان تاریخی لال قلعہ پر قومی پرچم لہرایا۔ کورونا وبا کی وجہ سے اس بار تقریب میں معاشرتی فاصلے کا خیال رکھا گیا۔ سکیورٹی اہلکاروں سمیت دیگر معززین نے بھی چہرے پر ماسک لگائے ہوئے تھے ۔
بتادیں کہ ہندوستان کو انگریزوں سے 15 اگست 1947 کو آزادی ملی تھی ، جس کے بعد ہندوستان کو آزاد ملک قرار دیا گیا تھا ، لیکن اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگست کو ہی یوم آزادی منانے کی تاریخ کیوں منتخب کیا گیا اور ایسا کرنے کے پیچھے خاص وجہ کیاتھی؟
یہ بات اس دور کی جب ہندوستان میںانگریزوں کی تاناشاہ حکومت تھی ۔اس وقت ہندوستان کا وائسرائے تھے لارڈلوئس ماؤنٹ بیٹن ، جنہیں برطانوی پارلیمنٹ نے ہندوستان میں اقتدار کی منتقلی کی ذمہ داری سونپی تھی۔ ان چیزوں کو ہندوستان کے آخری گورنر جنرل چکرورتی راجہ گوپلاچاری کے الفاظ میں کہیں تو ' اگرماؤنٹ بیٹن نے 30 جون کا انتظار کیا ہوتا تو ان کے پاس منتقلی کے لئے کوئی اختیار بچتا ہی نہیں' ۔ یہی وجہ تھی ، جس کی وجہ سے ماؤنٹ بیٹن نے اگست 1947 میں ہی اس ذمہ داری کو نبھایا۔ بہر حال ، راجہ گوپلاچاری نے یہ کیوں کہا ، آئیے ہم اس کے پیچھے مخصوص وجہ جانتے ہیں۔
ہندوستان کی آزادی کو لیکربرطانوی حکومت کا ایک مکمل منصوبہ تھا۔ منصوبہ کے مطابق ہندوستان کو آزاد کرنے کا وقت جون 1948 طے کیا گیا ۔ ہندوستان کے نو تشکیل شدہ وائسرائے لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے ہندوستانی رہنماؤں سے مل کر بات چیت شروع کردی تھی ۔ پیچ اس وقت پھنسا جب جناح نے الگ ملک بنانے کا مطالبہ کرنا شروع کردیا ،جس کی وجہ سے دونوں رہنماؤں ( نہرو اور جناح) کے رسہ کشی شروع ہو گئی ۔ دونوں کے درمیان اختلافات بڑھنے لگے۔ جس کا اثر ملک کے عام لوگوں پر کافی گہرا پڑا ۔ صرف یہی نہیں ، ملک کے بیشتر حصوں میں فرقہ وارانہ تنازعات ایک حد تک بڑھنے لگے۔ ملک کی حالت بگڑ تی دیکھ کر آزادی 1948 کی بجائے 1947 میں ہی متعین کرنے کی بات ہو گئی ۔
اب بات یہ ہے کہ 1947 میں 15 اگست کو ہی کیوں منتخب کیاگیا
لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی زندگی میں 15 اگست کا دن بہت ہی خاص تھا۔ خاص ہونے کی وجہ یہ تھی کہ 15 اگست 1945 کو دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپانی فوج نے انگریزوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے تھے ۔ اس وقت لارڈ ماؤنٹ بیٹن برطانوی فوج میں الائیڈ فورسز میں کمانڈر تھے۔ جس کا پورا کریڈٹ ماؤنٹ بیٹن کو دیا گیا تھا ۔ بس یہی وجہ تھی کہ اس نے 15 اگست کو اپنی زندگی کا سب سے اچھا دن مان لیا اور ہندوستان کی آزادی کو اس دن میں بدل کر اس دن کو مزید یادگار بنا دیا۔