پشاور: پاکستان کے صوبہ سندھ میں نامعلوم مسلح افراد نے 18 لوگوں کو اغوا کر لیا۔ یہ تمام مسافر ایک بس میں کوئٹہ جا رہے تھے۔ یہ واقعہ پیر کی رات گھوٹکی علاقے کے قریب پیش آیا، جب حملہ آوروں نے سندھ پنجاب سرحد کے قریب ہائی وے لنک روڈ پر بس پر فائرنگ کی اور 18 مرد مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور اور چند مسافر زخمی ہو گئے۔
جیو نیوز کے مطابق، بس میں سفر کرنے والی ایک خاتون مسافر نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر مجموعی طور پر 18 سے 20 حملہ آور موجود تھے، سب مسلح تھے اور ان کے چہرے ڈھکے ہوئے تھے۔ خاتون مسافر نے بتایا کہ حملہ آوروں نے 25 مسافروں کو بس سے اترنے کا کہا، لیکن خواتین مسافروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔ سندھ کے وزیر داخلہ کے ترجمان ضیاء الحسن لانجھر نے بتایا کہ ڈرائیور اور کنڈکٹر کے علاوہ بس میں تقریبا 30 مسافر سوار تھے۔