نیشنل ڈیسک: مغربی ایشیا میں بڑھتے ہوئے فوجی تناؤ کے باعث ہزاروں ہندوستانی شہری مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں۔ کئی فضائی حدود عارضی طور پر بند ہونے اور باقاعدہ پروازوں پر پابندی کے سبب آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ ایسے حالات میں ہندوستان کی حکومت اور ایئر لائنز نے امدادی کارروائی کی تیاری تیز کر دی ہے ۔
جدہ سے دس خصوصی پروازیں
شہری ہوا بازی کی وزارت کے مطابق انڈیگو تین مارچ 2026 سے جدہ سے ہندوستان کے مختلف شہروں کے لیے دس خصوصی پروازیں چلانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ یہ کارروائی ضروری اجازتوں اور موجودہ فضائی حدود کی صورتحال پر منحصر ہوگی۔ ہوائی کمپنی جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ مسافروں کی فہرست اور سفر کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ترجیح ان مسافروں کو دی جائے گی جو حالیہ واقعات کے باعث پھنسے ہوئے ہیں۔
مسقط سے بھی شروع ہوں گی خدمات
اسی سلسلے میں ایئر انڈیا ایکسپریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ تین مارچ سے مسقط سے ہندوستان کے لیے پروازیں بحال کرے گی۔ مجوزہ مقامات میں دہلی، کوچی، کوژیکوڈ، منگلورو، ممبئی اور تروچیراپلی شامل ہیں۔ ہوائی کمپنی کے مطابق مسقط سے پہلی پرواز تروچیراپلی کے لیے صبح 10بج کر 25 منٹ پر روانہ ہوگی۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تازہ معلومات اور نشستوں کی بکنگ سے متعلق تفصیل کے لیے ہوائی کمپنی کی سرکاری وی سائٹ دیکھتے رہیں۔
محدود کارروائی، کئی راستے اب بھی متاثر
اگرچہ امدادی پروازوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، لیکن کئی خلیجی ممالک کے لیے باقاعدہ خدمات اب بھی معطل ہیں۔ بحرین، کویت، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے پروازیں فی الحال 3 مارچ 2026 تک منسوخ بتائی گئی ہیں۔ ایئر لائنز نے پیش آنے والی پریشانی پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ صورتحال معمول پر آتے ہی خدمات بحال کر دی جائیں گی۔