Latest News

کشمیر یونیورسٹی کے وائس  چانسلر، شاعر و ادیب حامدی کشمیری انتقال کر گئے

کشمیر یونیورسٹی کے وائس  چانسلر، شاعر و ادیب حامدی کشمیری انتقال کر گئے

سری نگر:کشمیر یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور کہنہ مشق شاعر و ادیب حامدی کشمیری انتقال کرگئے ہیں۔ مرحوم نے زندگی کی 86 بہاریں دیکھ کر بدھ کی رات کے آخری پہر کوسری نگر میں واقع اپنی رہائش گاہ پر داعی اجل کو لبیک کہا۔
حامدی کشمیری اردو اور کشمیری زبان کے نابغہ روزگار شاعر و ادیب تھے۔ آپ نے دونوں زبانوں کی خدمت اور ترویج کیلئے بیش بہا خدمات انجام دیں ہیں۔
مرحوم حامدی کشمیری نے کم و بیش 50 کتا بیں تصنیف وتالیف کی ہیں جن میں معاصر تنقید، ریاست جموں وکشمیر میں اردو ادب ، جدید کاشر شاعری، شیخ العالم اور شاعری خاص طور پر قابل ذ کر ہیں۔
حامدی کشمیری کو اردو اور کشمیری زبان وادب کی خدمات کے تئیں غالب ایوارڑ اور سال دو ہزار پانچ میں ساہتیہ اکیڈیمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں حکومت ہند نے مرحوم کو سال 2010میں ملک کے تیسرے بڑے سول ایوارڑ پدم شری سے بھی سرفرازکیا۔
قابل ذکرہے کہ حامدی کشمیری کی رحلت سے وادی کے علمی وادبی حلقوں میں مایوسی اور ماتم کی فضا سایہ فگن ہوئی ہے۔ ادباء و شعرا ء کا ماننا ہے کہ حامدی کشمیری کی رحلت سے وادی کے علمی وادبی دبستان کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے جس کا پر ہونا گرچہ ناممکن نہیں لیکن مشکل ضرور ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کشمیری کی رحلت سے پیدا ہوئی خلا کو پورا کرنے میں سالہا سال لگ سکتے ہیں ۔
 



Comments


Scroll to Top