نئی دہلی:ایک تازہ اسرائیلی سروے کے مطابق، ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور اسے پہنچنے والے نقصان کے تخمینے کے حوالے سے اسرائیلی عوام کی حمایت میں مسلسل کمی آرہی ہے اسرائیل کے 'انسٹی ٹیوٹ فار نیشنل سکیورٹی اسٹڈیز' (آئی این ایس ایس ) کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ایک سروے میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے تک مہم جاری رکھنے کے لیے اسرائیلی عوامی حمایت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی این ایس ایس تل ابیب یونیورسٹی سے وابستہ ایک آزاد تھنک ٹینک ہے جو فوجی و اسٹریٹجک امور اور قومی سلامتی کے معاملات پر تحقیق کرتا ہے۔
سروے کے مطابق، مہم کے ابتدائی دنوں میں جہاں 69 فیصد جواب دہندگان کا خیال تھا کہ ایرانی حکومت کو نمایاں نقصان پہنچے گا، وہیں آج صرف 43.5 فیصد ایسا سوچتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے ایران میں مہم کے نتائج اور اسے ختم کرنے کے ترجیحی مقصد کے حوالے سے عوامی رویوں میں اعتدال پسندی کا رجحان جاری ہے۔ عوام اب ایران کے ایٹمی منصوبے، میزائل ہتھیاروں اور آیت اللہ حکومت کو پہنچنے والے متوقع نقصان کے تخمینے میں زیادہ محتاط ہیں۔ ساتھ ہی، جیسے جیسے مہم طویل ہو رہی ہے، زیادہ تر جواب دہندگان کا ماننا ہے کہ ہوم فرنٹ ایک ماہ سے زیادہ کی جنگ برداشت کر سکتا ہے۔"
ایران کے ایٹمی منصوبے کو پہنچنے والے متوقع نقصان کے بارے میں بھی ایسی ہی کمی دیکھی گئی ہے۔ مہم کے آغاز میں 62.5 فیصد کا خیال تھا کہ اسے نمایاں نقصان پہنچے گا، جبکہ آج یہ شرح 48 فیصد رہ گئی ہے۔ یہی حال بیلسٹک میزائلوں کے نظام کا ہے، جہاں نمایاں نقصان کی توقع رکھنے والوں کی شرح 73 فیصد سے گر کر 58.5 فیصد پر آگئی ہے۔
اسی طرح، حکومت کا تختہ الٹنے تک مہم جاری رکھنے کی حمایت جنگ کے ابتدائی دنوں میں 63 فیصد تھی، جو دو ہفتوں بعد 54 فیصد اور اب مزید کم ہو کر 45.5 فیصد رہ گئی ہے۔ شمالی محاذ پر، عوام اس سوال پر منقسم ہیں کہ آیا حزب اللہ کو غیر مسلح کیا جا سکتا ہے۔
اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) پر عوامی اعتماد 77 فیصد کے ساتھ بدستور بلند ہے، جبکہ حکومت پر اعتماد 30 فیصد پر برقرار ہے، جس میں شدید سیاسی تقسیم نظر آتی ہے۔ اس کے علاوہ، 63 فیصد یہودی آبادی کا ماننا ہے کہ چیف آف اسٹاف کی یہ وارننگ درست تھی کہ بھرتیوں کے دائرہ کار میں اضافہ نہ ہونے اور مختلف محاذوں پر آئی ڈی ایف پر مشنز کے بوجھ کی وجہ سے فوج "اندرونی طور پر بیٹھ" سکتی ہے۔
سیاسی قیادت پر اعتماد بدستور کم ہے اور اس میں شدید سیاسی پولرائزیشن پائی جاتی ہے۔ حکومت اور وزیر اعظم دونوں پر اعتماد میں معمولی کمی آئی ہے۔ اسرائیلی عوام کے تقریباً 36 فیصد کو وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو پر زیادہ اعتماد ہے، جبکہ 62 فیصد ان پر کم اعتماد رکھتے ہیں۔