پریاگراج : ایودھیا تنازعہ کا فیصلہ سپریم کورٹ سے رام مندر کے حق میں آنے کے بعد کاشی اور متھرا کو بھی آزاد کرانے کو لے کر بحث تیز ہو گئی ہے۔دراصل ڈاکٹر سبرامنیم سوامی اتوار کو پریاگراج کے موتی لال نہرو میڈیکل کالج آڈیٹوریم میں منعقد ایک پروگرام میں شرکت کرنے پہنچے تھے۔جہاں انہوں نے کہا کہ ملک میں بہت سے مندر توڑے گئے ہیں، لیکن ایودھیا کے بعد کاشی اور متھرا میں اگر مندر بن جائے تو ہم سب کچھ بھولنے کو تیار ہیں۔
بتا دیں کہ بی جے پی سے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر سبرامنیم سوامی نے پریاگراج میں مرکزی حکومت سے براہ راست سوال پوچھ لیا ہے کہ رام مندر کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد کاشی وشوناتھ مندر اور کرشن جنم بھومی کو لے کر حکومت کی کیا پالیسی ہے۔انہوں نے سوال دوہراتے ہوئے کہا ہے کہ کیا مرکزی حکومت کاشی اور متھرا کی زمینوں کا راشٹریہ کرن(نیشنلائزیشن) کر سکتی ہے؟ اگرچہ اس کے لئے ملک میں صحیح ماحول بنانا ہوگا اور مناسب معاوضہ بھی دینا ہوگا۔