لندن: چینل ٹنل میں تکنیکی خرابی کے باعث برطانیہ اور فرانس کے درمیان چلنے والی یورو اسٹار( Eurostar ) ریل خدمات منگل کے روز شدید طور پر متاثر ہوئیں۔ اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے یورو اسٹار نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا سفر کسی اور تاریخ کے لیے مؤخر کر دیں۔ یورو اسٹار کے مطابق، اوور ہیڈ پاور سپلائی میں مسئلہ اور ایک لی شٹل ( Le Shuttle) ٹرین کے خراب ہو جانے کے باعث کئی ٹرینوں میں بھاری تاخیر ہوئی ہے اور متعدد سروسز منسوخ کرنی پڑی ہیں۔

لی شٹل ٹرینیں انگلینڈ اور فرانس کے درمیان گاڑیوں کو لے جانے کا کام کرتی ہیں۔ کمپنی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ہم اپنے تمام مسافروں سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنا سفر کسی دوسری تاریخ کے لیے ملتوی کریں۔ براہِ کرم اس وقت تک اسٹیشن نہ آئیں جب تک آپ کے پاس سفر کا مصدقہ ٹکٹ موجود نہ ہو۔ یہ بدانتظامی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب نیو ایئر ایو کی تعطیلات کے باعث سفر کا دباؤ عروج پر ہے۔
ہزاروں مسافر پہلے ہی سال کے اختتام کی تعطیلات کے لیے سفر کر رہے ہیں، جس کے باعث ریلوے اسٹیشنوں اور سرحدی راستوں پر بھیڑ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی مسئلے کو دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم فی الحال مسافروں کو متبادل منصوبے بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔