Latest News

این ای ای ٹی امتحان: اگر کوئی ملی بھگت پائی گئی تو کارروائی کی جائے گی: پردھان

این ای ای ٹی امتحان: اگر کوئی ملی بھگت پائی گئی تو کارروائی کی جائے گی: پردھان

نئی دہلی:  مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ (این ای ای ٹی۔یوجی) کے معاملے پر کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ پارٹی کو اس غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے کہ کوئی گٹھ جوڑ پایا جائے گا۔ اس پر کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
مسٹر پردھان نے کہا ہے کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے این ای ای ٹی امتحان کے معاملے میں مناسب کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ عدالت کی ہدایت کے مطابق 1563 طلباء کا دوبارہ امتحان لیا جائے گا۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی طرف سے 'ایکس' پر کی گئی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ این ٹی اے سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے این ای ای ٹی امتحان کے معاملے میں مناسب کارروائی کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔ معزز عدالت عظمیٰ کی ہدایات کے مطابق 1563 طلباء کا امتحان دوبارہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امتحان میں کسی قسم کی دھاندلی، بدعنوانی یا پیپر لیک ہونے کا کوئی ٹھوس ثبوت ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔ اس سے متعلق تمام حقائق سپریم کورٹ کے سامنے ہیں اور زیر غور ہیں۔ میں کانگریس کو یاد دلانا چاہوں گا کہ پیپر لیک کو روکنے اور دھوکہ دہی سے پاک امتحانات کرانے کے لیے مرکزی حکومت نے اس سال عوامی امتحانات (غیر منصفانہ طریقوں کی روک تھام) بل پاس کیا ہے، جس میں کئی سخت دفعات ہیں۔ کانگریس کو اس غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے کہ اگر کوئی ملی بھگت پائی گئی تو اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ 
مرکزی وزیر تعلیم نے کہاکہ طالب علموں کے مستقبل پر سیاست کرنا کانگریس کی پرانی عادت ہے۔ سیاسی روٹیاں پکانے کے بجائے کانگریس کو ہندوستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر جس طرح کی سیاست کی جا رہی ہے وہ صرف انتشار پھیلانے کی کوشش ہے اور اس سے طلباء کی ذہنی حالت متاثر ہوتی ہے۔
 فی الحال این ای ای ٹی کی کونسلنگ کا عمل شروع ہونے والا ہے اور اسے سیاست کا موضوع بنانا نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ یہ آنے والی نسل کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے۔ مرکزی حکومت کی توجہ ہمیشہ طلباء کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایشو لیس ہے، اتنے حساس معاملے پر اپوزیشن حقائق جانے بغیر جھوٹ پھیلا رہی ہے۔ کانگریس اپنی گھٹیا سیاست کے لیے ملک کے مستقبل سے کھیل رہی ہے۔



Comments


Scroll to Top