کابل: ہفتہ کی صبح افغانستان میں 4.4 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ نیشنل سینٹر فار سیزمولوجی (NCS) کے مطابق یہ زلزلہ 180 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ این سی ایس نے اپنے X (سابق ٹوئٹر)پوسٹ میں بتایا“EQ of M: 4.4, On: 08/11/2025, Depth: 180 km, Location: Afghanistan.”
اس سے پہلے جمعہ کو بھی افغانستان میں 4.4 شدت کا ایک اور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جو صرف 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ اتنی کم گہرائی والے زلزلے عام طور پر زیادہ خطرناک سمجھے جاتے ہیں کیونکہ ان کے جھٹکے سطح تک زیادہ طاقت سے پہنچتے ہیں۔
4 نومبر کو شمالی افغانستان میں آئے 6.3 شدت کے طاقتور زلزلے میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 950 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ یہ زلزلہ مزارِ شریف شہر کے قریب کم گہرائی میں آیا تھا اور اس سے شہر کی مشہور تاریخی مسجد کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ ریڈ کراس کے مطابق افغانستان کا ہندوکش پہاڑی علاقہ ارضیاتی طور پر انتہائی سرگرم ہے، جہاں ہندوستانی اور یوریشیائی پلیٹوں کے ٹکراؤ سے ہر سال زلزلے آتے رہتے ہیں۔ وہیں اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر (UNOCHA) نے کہا ہے کہ ملک پہلے ہی دہائیوں کے تنازع اور پسماندگی سے جوجھ رہا ہے، جس سے قدرتی آفات کا اثر یہاں اور زیادہ گہرا پڑتا ہے۔