Latest News

جے شنکر آج سے تین روزہ امریکہ دورے پر ، صاف توانائی اور سکیورٹی پر کریں گے بات چیت

جے شنکر آج سے تین روزہ امریکہ دورے پر ، صاف توانائی اور سکیورٹی پر کریں گے بات چیت

انٹرنیشنل ڈیسک:  ہندوستان  کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر آج سے تین روزہ امریکہ کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ یہ دورہ 2 سے 4 فروری تک جاری رہے گا۔ اس دوران وہ امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے منعقدہ کرٹیکل منرلز منسٹریل میٹنگ میں حصہ لیں گے۔ یہ جانکاری ہندوستان کے وزارت خارجہ (MEA) نے فراہم کی ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق اس میٹنگ میں کرٹیکل منرلز کی سپلائی چین کو مضبوط کرنے، صاف توانائی کی جانب تبدیلی، اور اسٹریٹجک تعاون جیسے اہم موضوعات پر بات چیت ہوگی۔ یہ معدنیات الیکٹرک گاڑیوں، بیٹری، دفاع اور نئی ٹیکنالوجیز کے لیے انتہائی ضروری سمجھی جاتی ہیں۔
امریکہ کے دورے کے دوران وزیر خارجہ جے شنکر امریکی انتظامیہ کے سینئر حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان اجلاسوں میں ہندوستان-امریکہ تعلقات، تجارت، توانائی، سلامتی اور عالمی امور پر بات چیت ہونے کا امکان ہے۔ حال ہی میں وزیر خارجہ جے شنکر نے ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور سے نئی دہلی میں ملاقات کی تھی۔ اس اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات ہوئی تھی۔ جے شنکر نے امید ظاہر کی تھی کہ سرجیو گور ہندوستان -امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اس کے علاوہ، 25 جنوری کو جے شنکر نے امریکی کانگریس کے وفد سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں مائیک روزرز، ایڈم اسمتھ اور جمی پیٹرونس شامل تھے۔ اس اجلاس میں ہندوستان -امریکہ تعلقات، انڈو پیسفک خطے کی صورتحال اور یوکرین جنگ جیسے موضوعات پر بات ہوئی تھی۔ اس سے قبل، 13 جنوری کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور ایس جے شنکر کے درمیان فون پر گفتگو ہوئی تھی۔
اس گفتگو میں شہری جوہری توانائی، تجارتی مذاکرات، کرٹیکل منرلز، اور انڈو پیسفک خطے کی سلامتی جیسے موضوعات پر تعاون کا جائزہ لیا گیا تھا۔ امریکی سفیر سرجیو گور نے اس گفتگو کو مثبت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ دونوں ممالک نے تجارتی مذاکرات، کرٹیکل منرلز اور آنے والے مہینوں میں ممکنہ اعلی سطحی اجلاس کے حوالے سے اگلی حکمت عملی پر بات کی ہے۔ جے شنکر کا یہ امریکہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب ہندوستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔
 



Comments


Scroll to Top