وینکوور: کینیڈا کے برٹش کولمبیا صوبے کے شہر وینکوور میں اتوار کو ایران میں جاری مظاہروں کے حمایت میں ہزاروں افراد نے ایک بڑی ریلی نکالی۔ وینکوور پولیس کے مطابق اس ریلی میں تقریباً پندرہ ہزار افراد کے شامل ہونے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔وینکوور کے ڈاون ٹاون میں جمع ہونے والے ہزاروں مظاہرین ایران میں معاشی بحران اور اس کے لیے ذمہ دار سمجھے جانے والے حکومتی نظام کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی کے دوران لوگوں کے ہاتھوں میں ایرانی پرچم، تختیاں اور بینرز تھے اور وہ جمہوری حقوق کا مطالبہ کر رہے تھے۔
مظاہرین نے وینکوور آرٹ گیلری کے پلازہ میں جمع ہو کر ریلی کا آغاز کیا، جہاں ایران میں اقتدار کی تبدیلی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی دباو ڈالنے کی اپیل کی گئی۔ ریلی کے دوران خراب موسم کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر اترے نظر آئے۔