انٹرنیشنل ڈیسک: ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور ان کی کینیڈین ہم منصب انیتا آنند نے میونخ سکیورٹی کانفرنس کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور شراکت کے نئے مواقع پر تفصیل سے بات چیت کی۔ یہ ملاقات اگلے ماہ کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے ممکنہ دورہ ہندوستان سے پہلے ہوئی ہے۔ کینیڈا کی وزارت خارجہ گلوبل افیئرز کینیڈا کے جاری بیان کے مطابق ستمبر2025 کے بعد وزرا ء کے درمیان یہ پانچویں ملاقات ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں بڑھتی مثبت رفتار کو ظاہر کرتی ہے۔
ملاقات کے بعد جے شنکر نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ملاقات اور گفتگو بہت اچھی رہی۔ ہندوستان - کینیڈا تعلقات مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے توانائی، ٹیکنالوجی، تجارت اور جدت جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ آنند نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے اور مشترکہ مفادات پر کام کرنے کے لیے یہ بات چیت مفید رہی۔
آنند نے ہندوستان کو کینیڈا کے لیے ایک اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے کاروبار، صنعتوں اور کارکنوں کے لیے تکنیکی فوائد اور اہم شراکت کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا تعمیری تعاون کے لیے پرعزم ہے اور وہ ہندوستان کے ساتھ اپنی کوششوں کو آگے بڑھانے کی خواہش رکھتی ہیں۔ وزرا نے اکتوبر2025 میں اعلان کردہ ہندوستان - کینیڈا تعلقات کے مشترکہ خاکے پر ہونے والی ٹھوس پیش رفت پر بھی اطمینان ظاہر کیا۔
قابل ذکر ہے کہ 2023 میں خالصتانی علیحدگی پسند ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے معاملے پر اس وقت کے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے ہندوستان پر لگائے گئے الزامات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی آ گئی تھی۔ ہندوستان نے ان الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا۔ موجودہ بات چیت کو اسی کشیدہ دور کے بعد تعلقات کو معمول پر لانے کی ایک اہم کوشش سمجھا جا رہا ہے۔