National News

دبئی میں بارش اور طوفان کے باعث صورتحال مزید خراب، بھارتی سفارتخانے نے جاری کیے ہیلپ لائن نمبر

دبئی میں بارش اور طوفان کے باعث صورتحال مزید خراب، بھارتی سفارتخانے نے جاری کیے ہیلپ لائن نمبر

دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں طوفان اور بارش کے بعد صورتحال بدتر ہو گئی ہے۔ شہر بھر میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک ٹھپ ہو کر رہ گئی اور لوگ گھروں میں پھنس گئے ہیں۔ دبئی اور دہلی جانے والی کم از کم 19 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ دریں اثنا، دبئی میں ہندوستان کے قونصلیٹ جنرل نے دبئی اور شمالی امارات میں رہنے والے ہندوستانیوں کے لیے ہیلپ لائن نمبر اور رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔
ایڈوائزری میں ہندوستانی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو بارش اور طوفان سے بچنے کے لیے ہدایات دی ہیں۔ عمان میں بھی سیلاب کے باعث 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل بدھ کو دبئی میں خراب موسم کی وجہ سے ہندوستان آنے والی 28 پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ایمرجنسی نافذ کرنا پڑی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 15.2 سینٹی میٹر بارش ہوئی ہے۔ منگل کو یہاں 10 انچ سے زیادہ بارش ہوئی تھی۔ بدھ کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آنے اور جانے والی 300 پروازیں منسوخ کر دی گئیں تھیں۔
ایئرپورٹ اتھارٹی نے لوگوں کو وہاں نہ آنے کا مشورہ دیا ہے۔ دوسری جانب عمان میں بارش کے باعث 1400 افراد کو پناہ کے لیے بھیجا گیا ہے۔ سکول اور سرکاری دفاتر بند کر دیے گئے ہیں۔ خلیجی ممالک میں موسم کی تبدیلی کی سب سے بڑی وجہ جنوب مغرب سے کم دباو¿ کا بننا ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) نے 2 روز قبل متحدہ عرب امارات، سعودی عرب میں شدید بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ محکمہ موسمیات نے اس دوران 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلنے کی بھی پیش گوئی کی تھی۔ یو اے ای کے نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر کے ماہر احمد حبیب نے کہا کہ دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں بارش کے ساتھ اولے بھی گر سکتے ہیں۔
 دوسری جانب پاکستان، افغانستان اور کئی خلیجی ممالک میں گزشتہ 4 روز سے جاری بارش کے باعث صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔ پاکستان اور افغانستان میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے اب تک 135 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 70 افراد افغانستان میں اور 65 پاکستان میں ہلاک ہوئے۔ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 22 اپریل تک موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
 



Comments


Scroll to Top