نئی دہلی: آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے ایک وفد نے آج یہاں صدر مشاورت فیروز احمد ایڈو کیٹ کی قیادت میں سفارت خانہ اسلامی جمہوری ایران کے سفیر برائے ہندڈاکٹر محمد فتح علی سے ملاقات کی وفد نے آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی اندو ہناک شہادت پر عالم اسلام اور ملت ایران کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا اور اپنے گہرے رنج و غم کے ساتھ ساتھ ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہندوستانی مسلمانوں کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفد نے اس موقع پر سفارت خانہ کو ایران کے صدر مسعود پزیشکیان کے نام ایک تحریری تعزیت نامہ بھی پیش کیا۔جس میں کہا گیا ہے کہ سید علی خامنہ ای کی شہادت ایران اور عالم اسلام کے لاکھوں لوگوں کے لیے ایک تاریخی اور انتہائی تکلیف دہ لمحہ ہے۔ ملت اسلامیہ ہند حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتی ہے، امت مسلمہ، معزز ایرانی قوم اور مرحوم رہنما اور ان کے ساتھ جام شہادت نوش کرنے والے رہنماوں اور دوسرے معصوموں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ ان کی شہادت امت اسلامی کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے، لیکن حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کا راستہ، فکر اور ان کے بلند مقاصد ہمیشہ زندہ رہیں گے اور ہماری رہنمائی کرتے رہیں گے۔ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ اس عظیم شہید کو اعلیٰ علیین میں اور اپنی رحمت کے جوار میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے معزز خاندان، ملتِ ایران اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو صبر اور اجرعطا فرمائے۔
تعزیتی پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مشاورت تہران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی حالیہ فوجی جارحیت کی سخت اور دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ حملے بین الاقوامی قانون، قومی خودمختاری اور اقوام متحدہ کے منشور کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ کسی خودمختار ملک کے خلاف طاقت کا دانستہ استعمال، جس کے نتیجے میں معصوم جانوں کا ضیاع اور وسیع پیمانے پر تباہی ہو، ناقابلِ قبول اور اخلاقی طور پر ناقابل دفاع ہے۔ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ اشتعال انگیز عسکریت پسندی اور یکطرفہ مداخلتیں بارہا انسانیت کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی ہیں۔ کسی قومی دارالحکومت کو نشانہ بنانا اور اس کے نتیجے میں شہری آبادی کا متاثر ہونا ایک خطرناک مثال ہے، جس کی تمام انصاف پسند اور عالمی نظم و ضبط کے حامی اقوام کو مخالفت کرنی چاہیے۔
وفد میں مشاورت کے سابق صدر نوید حامد،جنرل سکریٹری شیخ منظور احمد، مشاورت کے قانونی امور کے کنوینر ایڈو کیٹ اعجاز مقبول،جنرل سکریٹری احمد جاوید، دہلی مشاورت یونٹ کے صدر ڈاکٹرادریس قریشی، دہلی مشاورت کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر اقبال احمد اور ڈاکٹر شاہینہ تبسم شامل تھے۔