Latest News

مہاراشٹر میں ایک مشتبہ شخص کی موت، کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے کا شبہ،جانچ رپورٹ کا انتظار

مہاراشٹر میں ایک مشتبہ شخص کی موت، کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے کا شبہ،جانچ رپورٹ کا انتظار

نیشنل ڈیسک :ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر رفتہ رفتہ بڑھتا ہی جارہا ہے ۔ متاثرین کی تعداد 84  تک پہنچ گئی ہے ۔ وہیں سعودی عرب سے حال ہی میں لوٹے 71 سالہ کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کی مہاراشٹر کے بلڈھانا ضلع میں ہفتہ کو دوپہر میں موت ہوگئی ۔ ہسپتال کے افسران نے بتایا کہ مرنے والا شخص ہائی بلڈ پریشر اور ڈائبٹیز کا بھی مریض تھا ۔ سول سرجن پریم چندر پنڈت نے بتایا کہ کچھ دنوں پہلے ہائی بلڈ پریشر کی شکایت ہونے پر مریض کو ایک پرائیویٹ ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا اور ہفتہ کی صبح کورونا وائرس کے انفیکشن کی علامتیں سامنے آنے پر بلڈھانا کے جنرل ہسپتال میں اس کو منتقل کردیا گیا تھا ۔
انہوں نے بتایا کہ مرنے والے کے نمونے کو جانچ کیلئے لیبارٹری میں بھیجا گیا ہے ۔ اس کی موت دوپہر چار بج کر 20 منٹ پر ہوئی اور جانچ رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے ۔ وہیں ریاست میں بڑھتے معاملات کے پیش نظر مہاراشٹر حکومت نے سبھی سرکاری اور غیر سرکاری اسکولوں کو 31 مارچ تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے ۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے دہلی میں بھی ایک خاتون نے گزشتہ روز دم تور دیا تھا ۔ بتایا جارہا ہے کہ خاتون کی عمر 68 سال تھی اور وہ کورونا وائرس کی گرفت میں تھی ۔ خاتون دہلی کے جنک پوری علاقہ کی رہنے والی تھی ۔
قبل ازیں کرناٹک میں چار دن پہلے ہوئی 76 سال سن رسیدہ شخص کی موت ہندوستان میں کورونا وائرس سے ہوئی پہلی موت تھی ۔ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت نے گزشتہ جمعرات کو بتایا تھا کہ اس شخص کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا شک تھا ، جس کی وجہ سے اس کا علاج کیا جارہا تھا ۔ تاہم موت سے پہلے لئے گئے نمونے کی جانچ میں کووڈ 19 انفیکشن کی تصدیق ہوگئی ۔
 



Comments


Scroll to Top