انٹرنیشنل ڈیسک: کولمبیا نے پہلگام حملے کے جواب میں ہندوستانی فوجی حملوں کے بعد ہونے والے جانی و مالی نقصان پر پاکستان سے اظہار تعزیت کا اپنا بیان واپس لے لیا ہے۔ ہندوستان کے کل جماعتی وفدنے پاکستان کے سرحد پار دہشت گردی کو مسلسل حمایت دئیے جانے کی بات کولمبیا کے سامنے رکھی ، جس کے بعد کولمبیا نے اپنا پہلے دیا گیا بیان واپس لے لیا۔ کانگریس لیڈر اور ایم پی ششی تھرور، جنہوں نے کل جماعتی وفد کی قیادت کی، نے کولمبیا کی نائب وزیر خارجہ روزا یولانڈا ولاویسینسیو سے ملاقات کے بعد بگوٹا کے متنازعہ بیان کو واپس لینے کی تصدیق کی۔
ہندوستانی اراکین پارلیمنٹ کے کل جماعتی وفود 22 اپریل کو پہلگام حملے کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں ہندوستان کے موقف سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف ممالک کا دورہ کر رہے ہیں۔ تھرور سرحد پار دہشت گردانہ سرگرمیوں میں پاکستان کی حمایت اور دہشت گردی کے تئیں ہندوستان کے زیرو ٹالرنس نقطہ نظر سے آگاہ کرانے کے لئیکولمبیا کے دورے پر گئے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ تھرور نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آج کا آغاز کولمبیا کی نائب وزیر خارجہ روزا یولانڈا ولاویسینسیو اور ایشیا پیسیفک کے امور پر ان کے سینئر ساتھیوں کے ساتھ ایک شاندار ملاقات سے ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے انہیں حالیہ واقعات پر ہندوستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور کولمبیا کے 8 مئی کو پاکستان کے ساتھ 'دلی تعزیت' کے اظہار کے بیان پر مایوسی کا اظہار کیا۔کانگریس ایم پی نے کہا کہ وزیر نے مجھے یقین دلایا کہ بیان واپس لے لیا گیا ہے اور انہوں نے ہمارے موقف کو ٹھیک سے سمجھا ہے اور اس کی بھرپور حمایت کی گئی ہے۔ تھرور نے جمعرات کو ہندوستان کی فوجی کارروائی سے پاکستان میں جان و مال کے نقصان پر کولمبیا کی تعزیت پر گہری مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ تاہم 'آپریشن سندور' کے بعد کولمبیا کے موقف اور اس کے ذریعہ بیان واپس لینے سے متعلق نئی دہلی کی جانب سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔