National News

مردان میں دو گروپوں میں تصادم، 4 افراد ہلاک ، 2 زخمی

مردان میں دو گروپوں میں تصادم، 4 افراد ہلاک ، 2 زخمی

 پشاور:خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں ذاتی جھگڑے پر دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ مردان پولیس کے ترجمان محمد فہیم خان نے ڈان ڈیجیٹل کو بتایا کہ دو گروپوں کے درمیان ذاتی جھگڑے پر تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے جن میں ایک گروپ کے 3 اور دوسرے گروپ کا ایک فرد شامل ہے۔ پولیس نے بتایا کہ تصادم کے نتیجے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے، زخمی ہونے والے ایک شخص نے بدھ کی رات گڑھی کپورہ تھانے میں ایف آئی آر درج کروائی۔ ڈان ڈیجیٹل کو موصول ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ نے کہا کہ واقعہ رات تقریباً 10 بجے اس وقت پیش آیا،

جب وہ اپنے بھائیوں اور کزنوں کے ساتھ گھر واپس جا رہا تھا کہ پہلے سے موجود مسلح حملہ آوروں نے ان پر حملہ کر دیا۔ ایف آئی آر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 148 (مہلک ہتھیاروں سے لیس ہو کر ہنگامہ آرائی)، 149 (غیر قانونی اجتماع)، 302 (ارادتاً قتل) اور 324 (قتل کی کوشش) کے تحت درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ 5 مسلح افراد نے ہم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جب کہ میرا کزن اور میں زخمی ہو گئے۔ دوسرے گروپ کے مقتول کے ایک رشتہ دار نے بھی گڑھی کپورہ تھانے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 (ارادتاً قتل)، 324 (قتل کی کوشش) اور 34 (مشترکہ نیت) کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔

ترجمان پولیس فہیم خان نے مزید کہا کہ لاشوں اور زخمیوں کو پوسٹ مارٹم اور طبی امداد کے لیے بالا گڑھی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ ایف آئی آر درج ہو چکی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ یاد رہے کہ مئی میں پشاور کے کھٹکو پل علاقے میں خاندانی تنازع پر فائرنگ کے تبادلے میں 3 خواتین سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اپریل میں بٹگرام ضلع میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں جھڑپ کے دوران 4 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے تھے۔
 



Comments


Scroll to Top