National News

بڑا اقتصادی فیصلہ: چین نے برآمدی قوانین میں نرمی کی، امریکہ کے لیے گیلیئم اور جرمانیئم کی برآمد پر پابندی ہٹائی

بڑا اقتصادی فیصلہ: چین نے برآمدی قوانین میں نرمی کی، امریکہ کے لیے گیلیئم اور جرمانیئم کی برآمد پر پابندی ہٹائی

بیجنگ: چین کے وزارت تجارت نے امریکہ کے لیے کچھ اہم ڈوئل یوز (دوہری استعمال والی) اشیاء جیسے گیلیئم، جرمانیئم، اینٹیمونی اور سپر ہارڈ میٹریلز پر عائد برآمدی پابندیوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ یہ اقدام حال ہی میں شی جن پنگ اور ڈونالڈ ٹرمپ کی جنوبی کوریا کے بوسان میں ہونے والی ملاقات کے بعد آیا ہے۔ چینی وزارت کے مطابق، یہ معطلی 9 نومبر 2025 سے 27 نومبر 2026 تک نافذ رہے گی اور یہ اعلان نمبر 46 (2024) کی دوسری شق سے متعلق ہے، جو پہلے ان اشیاءکے امریکہ کو برآمد پر پابندی لگاتی تھی۔
تاہم، پہلی شق، جو امریکی فوج یا فوجی استعمال سے متعلق اشیاء کے برآمد پر پابندی لگاتی ہے، اب بھی نافذ رہے گی۔ وزارت نے واضح کیا کہ یہ عارضی ریلیف صرف لائسنسنگ اور جائزہ سے متعلق دفعات پر لاگو ہے۔ اس سے قبل، چین نے خبردار کیا تھا کہ اگر کوئی ادارہ یا فرد ان قوانین کی خلاف ورزی کرے اور امریکی اداروں کو دوہری استعمال کی اشیاءبھیجے، تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ فیصلہ چین اور امریکہ کے درمیان حالیہ ہونے والے تجارتی معاہدے کا حصہ ہے، جس کے تحت چین نے ریئر ارتھ میٹریلز پر کنٹرول ہٹانے، امریکی مصنوعات پر عائد ٹیرف ختم کرنے اور سویابین، جوار اور لکڑی کی بڑی مقدار میں خرید دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے بدلے میں امریکہ نے چین سے درآمد کی جانے والی بعض اشیاءپر 10 فیصد ٹیرف کم کرنے، سیکشن 301 ٹیرف کی چھوٹ اگلے سال نومبر تک بڑھانے، اور سمندری و شپ بلڈنگ کے شعبے سے متعلق جانچ پر ایک سال کے لیے روک لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔



Comments


Scroll to Top