Latest News

چین کی آبادی پالیسی پھر سوالوں میں، نئی کوشش بھی ناکام، کنڈوم پر ٹیکس سے بھی نہیں بڑھے گی آبادی

چین کی آبادی پالیسی پھر سوالوں میں، نئی کوشش بھی ناکام، کنڈوم پر ٹیکس سے بھی نہیں بڑھے گی آبادی

انٹرنیشنل ڈیسک: کبھی دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک رہنے والا چین اب تیزی سے کم ہوتی شرحِ پیدائش کے سنگین مسئلے سے دوچار ہے۔ فی خاتون بچوں کی تعداد تقریباً 1.0 تک گر چکی ہے۔ اس کمی کو روکنے کے لیے چین کی کمیونسٹ حکومت نے ایک نیا قدم اٹھاتے ہوئے کنڈوم، مانع حمل گولیوں اور دیگر مانع حمل ذرائع پر 13 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس نافذ کیا ہے، جو یکم جنوری سے لاگو ہو چکا ہے۔
 تاہم ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے آبادیاتی ماہر ڈُڈلے ایل پوسٹن جونیئر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شرحِ پیدائش بڑھانے میں کوئی ٹھوس اثر نہیں ڈالے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے تقریبا 40 برس تک چین کی آبادیات کا مطالعہ کیا ہے اور اس سے پہلے بھی حکومت کی جانب سے جوڑوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں ناکام رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ ٹیکس محض علامتی ہے۔ چین میں کنڈوم کے ایک پیکٹ کی اوسط قیمت تقریباً 50  یوان ہے اور مانع حمل گولیوں کی ماہانہ خوراک کی قیمت لگ بھگ 130 یوان ہے۔ 13 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگنے کے بعد بھی لوگوں پر ہر ماہ صرف چند ڈالر کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس کے مقابلے میں چین میں ایک بچے کی پرورش کی اوسط لاگت تقریباً 5 لاکھ 38 ہزار یوآن ہے جو شہری علاقوں میں اس سے بھی زیادہ ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر خاندان بچوں کی تعداد بڑھانے سے ہچکچا رہے ہیں۔
ایک 36 سالہ چینی والد نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا تھا کہ کنڈوم کی قیمت میں 5 سے 20 یوآن کا اضافہ کوئی بڑی بات نہیں ہے اور یہ پورے سال میں چند سو یوآن تک ہی محدود رہتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ چین کی حکومت نے حال ہی میں قومی بچوں کی نگہداشت کے پروگرام کے لیے 90 ارب یوآن کا بجٹ بھی مختص کیا ہے جس کے تحت تین سال سے کم عمر بچوں کے لیے خاندانوں کو یک مشت مالی مدد دی جائے گی۔ اس کے باوجود ماہرین کا ماننا ہے کہ صرف مالی مراعات اور ٹیکس پالیسی کے ذریعے چین کی گرتی ہوئی شرحِ پیدائش کو پلٹنا انتہائی مشکل ہے۔
 



Comments


Scroll to Top