بیجنگ: چین نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر سری لنکا کو ہنگامی امداد کے طور پر دس لاکھ امریکی ڈالر فراہم کیے ہیں۔ سری لنکا سمندری طوفان دِتواہ کے باعث آنے والے شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈ سے نبرد آزما ہے۔ سری لنکا میں چینی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ چین کی ریڈ کراس سوسائٹی نے جاری بچاو اور امدادی کاموں کی حمایت کے لیے سری لنکا ریڈ کراس سوسائٹی کو ہنگامی نقد امداد کے طور پر 10 لاکھ امریکی ڈالر فراہم کیے ہیں۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شِنہوا نے پیر کو بتایا کہ چین کی حکومت کی جانب سے ہنگامی مدد جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سری لنکا میں چینی چیمبر آف کامرس اور اوورسیز چائنیز ایسوسی ایشن نے اجتماعی طور پر ایک کروڑ سری لنکائی روپے جمع کر کے امدادی مہم شروع کی ہے۔ سری لنکا میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈ میں اتوار تک 334 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 370 افراد لاپتہ ہیں۔