Latest News

کیتھرین کونو لی ہوں گی آئر لینڈ کی اگلی صدر، حریف نے شکست تسلیم کر لی

کیتھرین کونو لی ہوں گی آئر لینڈ کی اگلی صدر، حریف نے شکست تسلیم کر لی

لندن: بائیں بازو کی نظریات رکھنے والی آزاد امیدوار کیتھرین کونو لی نے آئرلینڈ میں صدارتی انتخاب جیت لیا ہے۔ انہوں نے اعتدال پسند دائیں بازو کی حریف کے خلاف بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ کونو لی کو شِن فین سمیت آئرلینڈ کی بائیں بازو کی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔
سرکاری نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ کونو لی کو صدر کی حیثیت سے ووٹروں کی بھرپور حمایت ملی ہے۔ تاہم آئرلینڈ میں صدر کا عہدہ محض رسمی ہوتا ہے۔ کونو لی کی حریف اور اعتدال پسند دائیں بازو کی پارٹی فائن گیل کی امیدوار ہیڈر ہمفریز نے سرکاری نتائج سے پہلے ہی ہفتے کے روز صدارتی انتخاب میں اپنی شکست تسلیم کر لی۔
ہمفریز نے صحافیوں سے کہا کہ میں کیتھرین کونو لی کو آئرلینڈ کی اگلی صدر بننے پر مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔ کیتھرین ہم سب کی صدر ہوں گی اور وہ میری بھی صدر ہوں گی۔ میں انہیں ڈھیروں نیک تمنائیں دینا چاہتی ہوں۔ سابق بیرسٹر اور 2016 سے آزاد رکن پارلیمنٹ رہی کونو لی غزہ میں جنگ کے حوالے سے اسرائیل کی کھلی ناقد رہی ہیں۔ انہوں نے یوکرین پر روس کے حملے کے بعد یورپی یونین(ای یو)کی بڑھتی ہوئی "فوجی کاری" کے بارے میں بھی خبردار کیا ہے۔
کونو لی مائیکل ڈی ہیگنز کی جگہ لیں گی، جو 2011 سے صدر ہیں اور سات سالہ مدت دو بار مکمل کر چکے ہیں۔ وہ آئرلینڈ کی دسویں صدر اور اس عہدے پر فائز ہونے والی تیسری خاتون ہوں گی۔ کونو لی کو شِن فین، لیبر پارٹی اور سوشیل ڈیموکریٹس سمیت کئی بائیں بازو کی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔
وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے ہفتے کے روز کونو لی کو ان کی "شاندار انتخابی کامیابی" پر مبارکباد دی اور کہا کہ "یہ واضح ہے کہ وہ آئرلینڈ کی اگلی صدر ہوں گی۔ مارٹن نے کہا کہ وہ نئی صدر کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں کیونکہ "آئرلینڈ عالمی سطح پر ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ہم 2026 کی دوسری ششماہی میں یورپی یونین کی صدارت کے منتظر ہیں'۔
ابتدائی ووٹوں کی گنتی سے ظاہر ہوتا ہے کہ کونو لی کو ساٹھ فیصد سے زیادہ ووٹ ملے۔ مارٹن کی فیانا فیل پارٹی کے امیدوار جم گیون طویل عرصے سے جاری مالیاتی تنازعے کی وجہ سے انتخاب سے تین ہفتے پہلے صدارتی دوڑ سے دستبردار ہو گئے تھے، جس کے بعد کونو لی اور ہمفریز ہی میدان میں رہ گئے  تھے۔
 



Comments


Scroll to Top