انٹر نیشنل ڈیسک: ترکی کے علاقے ایجین سمندر میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جب افغان مہاجرین سے بھری کشتی الٹ گئی۔ اس حادثے میں 19 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں ایک چھوٹا بچہ بھی شامل ہے۔ یہ حادثہ بودروم کے قریب پیش آیا۔ کشتی میں سوار لوگوں نے کوسٹ گارڈ کے رکنے کے حکم کو نظرانداز کیا اور تیز رفتاری سے بھاگنے لگے، لیکن خراب موسم اور بلند لہروں کی وجہ سے کشتی میں پانی بھر گیا اور یہ الٹ گئی۔ ریسکیو آپریشن میں تقریباً 20 افراد کو بچا لیا گیا، جبکہ 18 لاشیں موقع سے برآمد ہوئیں اور ایک شخص بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
ابھی بھی کم از کم ایک شخص لاپتہ ہے۔ بچاو¿ کے کام میں ازمیر سے ہیلی کاپٹر بھیجا گیا۔ مقامی حکام کے مطابق، کشتی میں سوار تمام لوگ افغانستان کے شہری تھے۔ یہ حادثہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ بہتر زندگی کی تلاش میں لوگ کتناخطرناک سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ یونان پہنچنے کے لیے یہ راستہ کافی استعمال ہوتا ہے، کیونکہ بودروم سے کوس جزیرہ صرف 20 کلومیٹر دور ہے۔ لیکن خراب کشتیوں، موسم اور اسمگلروں کی لاپرواہی ایسے حادثات کو جنم دیتی ہے۔