پٹنہ: بہار کی راجدھانی پٹنہ کے گاندھی میدان میں آج یعنی جمعرات کو وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اپنے دورِ حکومت کا دسویں مرتبہ حلف لیا۔ نتیش کے ساتھ26 وزیروں نے بھی حلف لیا۔ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا نے نائب وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ اسی طرح نتیش کابینہ میں واحد مسلم وزیر زماںخان کو بہار کے گورنر عارف محمد خان نے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
حلف لینے والے وزیروں میں سمراٹ چودھری، وجے سنہا، منگل پانڈے، اشوک چودھری، لیسی سنگھ، شریئسی سنگھ، راما نشاد، مدن سہنی بھی شامل ہیں۔ نتن نوین، رام کرپال یادو، سنتوش کمار سومن، سنیل کمار اور اوپیندر کشواہا کی پارٹی سے ان کے بیٹے دیپک پرکاش نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا ہے۔
چین پور اسمبلی نشست سے انتخاب لڑا تھا
بتادیں کہ زماںخان نے کیمور ضلع کی چین پور اسمبلی نشست پر جے ڈی یو کے ٹکٹ سے انتخاب لڑا اور مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے اس نشست پر آر جے ڈی کے امیدوار برج کشور بند کو شکست دی تھی۔
دو بار بنے ہیں رکنِ اسمبلی اور وزیر
محمد زماں خان نے چین پور اسمبلی سے دو ہزار پانچ میں پہلی بار بہوجن سماج پارٹی سے انتخاب لڑا تھا، جس میں وہ ہار گئے تھے۔ کامیابی انہیں پہلی بار 2020 میں ملی۔2020 میں وہ دوبارہ بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ سے چین پور سے میدان میں اترے۔ انہوں نے بی ایس پی کے ٹکٹ پر تقریبا پچیس ہزار ووٹوں سے بی جے پی کے برج کشور بند کو شکست دی تھی۔ 2021 میں انہوں نے بی ایس پی چھوڑ کر جنتا دل یونائیٹڈ کا جوائن کرلی ۔ جے ڈی یو میں شامل ہوتے ہی انہیں وزیراعلی نتیش کمار کی کابینہ میں جگہ ملی اور انہیں اقلیتی بہبود کا وزیر بنایا گیا۔ اب انہوں نے دوبارہ نتیش کمار کی نئی کابینہ میں وزیر کے عہدے کا حلف لیا ہے۔
چراغ پاسوان کی پارٹی سے دو رکنِ اسمبلی وزیر بنے
چراغ کی پارٹی سے سنجے کمار پاسوان اور سنجے سنگھ وزیر بنے۔ سنجے کمار پاسوان بکھری سے رکنِ اسمبلی ہیں، جبکہ سنجے سنگھ مہوا سے رکنِ اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے لالو یادو کے بیٹے تیج پرتاپ کو شکست دی ہے۔
'ہم ' سے سنتوش کمار سومن وزیر بنے
اسی طرح ' ہم ' کے حصے سے سنتوش کمار سومن وزیر بنے۔
این ڈی اے نے زبردست اکثریت سے جیت حاصل کی۔
بتایا جاتا ہے کہ بہار کی کل 243 رکنی اسمبلی میں این ڈی اے نے دو سو دو نشستیں جیت کر زبردست اکثریت حاصل کی ہے، جس میں بی جے پی کو89، جے ڈی یو کو 85، لوجپا (رام ولاس)کو 19، 'ہم' کو پانچ اور رالو مو کو چار نشستیں ملی ہیں۔