جالندھر : پروموشن میں ریزرویشن کو لے کر بھیم آرمی کے چیف چندر شیکھر آزاد کی کال پر بلائے گئے بند کا اثر پنجاب کے کئی علاقوں میں دیکھنے کو ملا ہے ۔ مظاہرین نے جہاں امرتسر میں ریلوے ٹریک کو جام کر دیا ہے وہی ہوشیار پور سے جالندھر کی طرف آنے والی گاڑیوں کی آمد ورفت بھی ٹھپ کر دی ہے۔سٹیشنوں پر مسافروں کی بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملی ہے ۔ اور مسافروں کو اپنی منزل پر پہنچنے کے لئے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مظاہرین نے شہری ترمیم قانون ، قومی شہری رجسٹر اور قومی آبادی رجسٹر کو ہٹانے کی بھی مانگ کی ہے ۔

سپریم کورٹ کے حکم کو بدلنے کی مانگ
بھیم آرمی چیف چندر شیکھر کا الزام ہے کہ مرکز ی سرکار ریزرویشن چھیننے کی طرف میں ہے ، بھیم آرمی نے سرکار کو چیتائونی دی ہے کہ اگر مرکز ی سرکاری نے بل لا کر سپریم کورٹ کے ریزرویشن پر دیئے گئے فیصلے کو نہیں بدلا تو مظاہر ہ پر تشدد ہو جائے گا ۔ بھیم آرمی چیف نے او بی سی ، ایس سی ایس ٹی اور اقلیتی طبقوں کے نیتائوں سے بھی بھارت بند کی حمایت کرنے کی درخواست کی ہے ۔ انہوںنے متنبہ کیا کہ پچھڑے اور دلت طبقوں کے ایم پیز ، ایم ایل ایز نے اگر حمایت نہیں دی تو انکے گھروں کے سامنے بھی مظاہرہ ہوگا ۔غور طلب ہے کہ ایس سی ،ایس ٹی ایکٹ کو لے کر گزشتہ میں آئے فیصلے کے خلاف بھی اس سے پہلے آندولن ہو چکا ہے ۔