Latest News

ہندوستان کی پھٹکار پر بنگلہ دیش کی عدالت کا ایکشن، ہندو نیتا چنمے داس کو دی ضمانت

ہندوستان کی پھٹکار پر بنگلہ دیش کی عدالت کا ایکشن، ہندو نیتا چنمے داس کو دی ضمانت

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی ہائی کورٹ نے بدھ کو ہندو رہنما چنمئے کرشنا داس کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا، جو قومی پرچم کی توہین کے الزام میں تقریبا پانچ ماہ سے جیل میں تھے۔ عدالتی حکام نے یہ اطلاع دی۔ ہائی کورٹ کے ایک اہلکار نے کہا کہ دو ججوں کی بنچ نے اپنے پہلے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے حکام سے سوال کیا کہ انہیں (داس کو  ) ضمانت کیوں نہیں دی جانی چاہئے؟ جسٹس عطا الرحمان اور جسٹس علی رضا پر مشتمل بنچ نے اپنے پہلے فیصلے پر حتمی سماعت کے بعد ضمانت منظور کی۔
بنگلہ دیش کے بندرگاہی شہر چٹاگانگ کی کوتوالی پولیس نے 31 اکتوبر کو داس اور دیگر 18 افراد کے خلاف بنگلہ دیش کے قومی پرچم کی توہین کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ درج کیا تھا۔ انٹرنیشنل کرشنا بھاؤنامرت سوسائٹی (ISKCON) کے سابق رہنما داس کو 25 نومبر کو ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ہندو تنظیم سملتو سناتنی جاگرن جوٹ کے ترجمان داس کو گرفتاری کے بعد جنوب مشرقی بندرگاہی شہر چٹاگانگ کی ایک عدالت میں لے جایا گیا، جس نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی اور اگلے دن انہیں جیل بھیج دیا۔ داس کی گرفتاری نے ڈھاکہ اور دیگر جگہوں پر ان کے حامیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر احتجاج اور مظاہروں کو جنم دیا۔ چٹاگانگ میں احتجاج اس وقت پرتشدد ہو گیا جب اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر سیف الاسلام الف کو داس کو جیل بھیجے جانے کے چند گھنٹے بعد قتل کر دیا گیا۔
یہ پیشرفت پچھلے سال اگست میں طلبا کی زیرقیادت بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ کی معزولی کے تین ماہ سے بھی کم وقت میں ہوئی ہے۔ داس کی گرفتاری بنگلہ دیش اور ہندوستان  کے درمیان کشیدگی کا ایک نقطہ بن گئی کیونکہ  ہندوستان نے ان کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا۔ حسینہ واجد کے ہندوستان جانے کے بعد 8 اگست کو محمد یونس نے عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالا۔ وزارت خارجہ نے 26 نومبر کو نئی دہلی میں کہا کہ یہ واقعہ بنگلہ دیش میں انتہا پسند عناصر کی طرف سے ہندؤوں اور دیگر اقلیتوں پر حملوں کے سلسلے کے پس منظر میں پیش آیا ہے۔ اقلیتوں کے گھروں اور کاروباری اداروں کو نذر آتش کرنے اور لوٹ مار کے ساتھ ساتھ چوری اور توڑ پھوڑ اور مندروں کی بے حرمتی کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ان واقعات کے مرتکب اب بھی آزاد گھوم رہے ہیں، جب کہ پرامن اجتماعات کے ذریعے جائز مطالبات اٹھانے والے مذہبی رہنما کے خلاف الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ہندوستان نے بنگلہ دیش کے حکام سے ہندؤوں اور تمام اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ اس سے قبل، ہندو برادری کے رہنما کے وکلاء  ان کی ضمانت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے کیونکہ چٹاگانگ کی نچلی عدالت نے ان کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔ بنگلہ دیش کے سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل اپوربا کمار بھٹاچاریہ سپریم کورٹ کے 11 وکلا کی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے جو یہاں داس کا مقدمہ لڑ رہے تھے۔
 



Comments


Scroll to Top