ہانگزو:19 ویں ایشیائی کھیلوں کے چوتھے دن بدھوار کو ہندوستان نے نشانہ بازی مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2طلائی، 3 چاندی اور2 کانسے سمیت 7تمغے جیتے ہیں۔ منو بھاکر، ایشا سنگھ اور ریدم سانگوان نے خواتین کے 25 میٹر پسٹل ٹیم ایوینٹ میں پہلا طلائی تمغہ جیتا۔ اس کے بعد50 میٹر رائفل تھری پوزیشن خواتین کے انفرادی مقابلے میں ہندوستان کی صفت کور سمرا نے دوسرا گولڈ میڈل دلایا۔
صفت کور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انفرادی مقابلے میں 469.6 پوائنٹس سکور کرکے طلائی تمغہ جیتاجو کہ ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے ۔صفت کور سمرانے نیلنگ میں 154.6، پروون میں 157.9 اور سٹینڈنگ ایلیمینیشن میں 157.1 کا سکور بناکر خواتین کی 50 میٹر رائفل تھری پی میں چین کی کیانگیو ژانگ کو 7.3 پوائنٹس کے آسان فرق سے شکست دی۔
کانسے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستان کی آشی چوکسے چاندی کا تمغہ جیتنے کی دوڑ میں تھیں لیکن اپنے آخری شاٹ میں ان کا سکور 8.9 سے کم ہونے کی وجہ سے کیانگیو ژانگ نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا اور انہیں کانسے کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔کوالیفائنگ رانڈ میںصفت کور سمرا 594(283)کے سکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں، جبکہ آشی چوکسے590 (243) کے ساتھ چھٹے اور مانینی کوشک 580 (283)کے ساتھ 18ویں نمبر پر رہیں۔
ہندوستان کی تینوں کھلاڑیوں (صفت کور سمرا، آشی چوکسے اور مانینی کوشک) نے کوالیفائنگ رانڈ میں 1764 کے مجموعی سکور کی بنیاد پر ٹیم کو چاندی کا تمغہ دلایا ۔ چین (1773) اور کوریا جمہوریہ (1756) نے بالترتیب سونے اور کانسے کے تمغے جیتے ۔منو بھاکر، ایشا سنگھ اورریدم سانگوان کی ہندوستانی خواتین کی 25 میٹر پسٹل ٹیم نے 1759 کے سکور کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ چین (1756) اور جنوبی کوریا (1742) نے بالترتیب چاندی اور کانسے کے تمغے جیتے ۔منو بھاکر کوالیفائنگ رانڈ میں 590(283)کے سکور کے ساتھ سرفہرست رہی، جبکہ ایشا سنگھ 586 (173) کے سکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہیں۔
ریدھم سانگوان 583 (233)کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہیں۔ واضح رہے کہ انفرادی ایوینٹ میں کسی ملک کے صرف دو ہی نشانہ باز آخری 8 میں پہنچ سکتے ہیں، اس لئے ریدم سانگوان جگہ بنانے سے چوک گئیں۔ایشا سنگھ نے اپنی ابتدائی سیریز میں صرف 2/5 سکور کرنے کے باوجود فائنل میں چاندی کا تمغہ جیتا ۔مردوں کے ٹیم ایوینٹ میں اننت جیت سنگھ ناروکا، گورجوت سنگھ کھنگورا اور انگد ویر سنگھ باجوہ نے ملکر 355 کے سکور کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔ چین نے 362 پوائنٹس کے ساتھ گولڈ میڈل پر قبضہ کیا اور قطر نے 359 پوائنٹس کے ساتھ سلور میڈل حاصل کیا۔