National News

ایک بار پھرایئر انڈیا کی پرواز میں مچی افراتفری،ٹیک آف کے بعدہوا میں 900 فٹ نیچے گر ا ویانا جا رہا طیارہ

ایک بار پھرایئر انڈیا کی پرواز میں مچی افراتفری،ٹیک آف کے بعدہوا میں 900 فٹ نیچے گر ا ویانا جا رہا طیارہ

نئی دہلی: ایئر انڈیا کی ایک اور بین الاقوامی پرواز میں بڑی تکنیکی خرابی کے باعث مسافروں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔ دہلی سے ویانا جا رہی ایئر انڈیا کی فلائٹ AI-187 (بوئنگ 777) ٹیک آف کے چند منٹ بعد ہی اچانک 900 فٹ نیچے گر گئی۔ یہ واقعہ اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ٹیک آف کے فوراً بعد صبح 2 بجکر 56 منٹ پر پیش آیا، جب طیارہ خطرناک صورتحال پر پہنچ گیا اور اس میں اسٹال اور گراو¿نڈ پروکسیمیٹی وارننگ سسٹم (GPWS) وارننگز کو فعال کر دیا گیا۔
'ڈو ناٹ سنک جیسی وارننگ پائلٹوں کو چوکنا کرتی رہیں لیکن پائلٹس کی چوکسی اور فوری فیصلے کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ صورتحال پر قابو پانے کے بعد طیارے نے اپنی پرواز جاری رکھی اور تقریباً نو گھنٹے کے بعد بحفاظت ویانا پہنچ گیا۔
پائلٹس کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا، ڈی جی سی اے نے تحقیقات تیز کر دیں
دہلی ویانا پرواز کے واقعہ کے بعد ایئر انڈیا نے فوری طور پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کو اس معاملے کی اطلاع دی۔ طیارے کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے تک دونوں پائلٹس کو فلائنگ ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ڈی جی سی اے نے ایئر انڈیا کے سیکورٹی کے سربراہ کو بھی طلب کیا ہے اور دیکھ بھال کے ریکارڈ سے لے کر آپریشنل طریقہ کار تک کی گہرائی سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی جی سی اے آڈٹ میں خامیوں کی پہلے ہی نشاندہی کی گئی تھی
حیرت کی بات یہ ہے کہ ایئر انڈیا کے بیڑے پر ڈی جی سی اے کے ذریعہ کئے گئے حالیہ آڈٹ میں دیکھ بھال میں بار بار نظر اندازی اور حفاظتی معیارات کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے۔ اس کے باوجود اتنے کم وقفے میں دو بڑے واقعات کا منظر عام پر آنا ایئر انڈیا کے انتظامات پر سنگین سوال اٹھاتا ہے۔
مسافروں کی حفاظت پر ایک بار پھر سوال
ان دونوں واقعات نے عام لوگوں کے ذہنوں میں مسافروں کی حفاظت کو لے کر تشویش بڑھا دی ہے۔ جہاں ایک طرف ایئر انڈیا بین الاقوامی توسیع اور نئی پروازوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، وہیں دوسری طرف بار بار ہونے والے واقعات اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ بنیادی حفاظت اور دیکھ بھال کے طریقہ کار میں بہت بڑی کوتاہی ہے۔
احمد آباد میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا
بتادیں کہ 12 جون کو احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی فلائٹ AI-171 (بوئنگ 787-8) رن وے سے نکلنے کے چند ہی لمحوں بعد گر کر تباہ ہو گئی تھی۔ اس حادثے میں 260 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں 242 مسافر اور عملے کے ارکان شامل تھے۔
 



Comments


Scroll to Top