لندن: برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے جمعرات کو احمد آباد ہوائی اڈے سے ٹیک آف کے فوراً بعد لندن جانے والے ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ طیارے میں 53 برطانوی شہریوں سمیت کل 242 افراد سوار تھے۔ سٹارمر نے ایک بیان میں کہا کئی برطانوی شہریوں کو لندن لے جانے والے طیارے کا بھارتی شہر احمد آباد میں گر کر تباہ ہونے کا منظر خوفناک ہے۔ انہوں نے کہا، مجھے لمحہ بہ لمحہ اطلاع دی جا رہی ہے اور میری تعزیت اس انتہائی دکھ کی گھڑی میں مسافروں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے سوشل میڈیا پر متاثرہ افراد سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہابھارت کے احمد آباد میں ہوائی جہاز کے تباہ کن حادثے کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔ میری تعزیت تمام متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہے۔ برطانیہ حقائق کو فوری طور پر قائم کرنے اور مدد فراہم کرنے کے لیے بھارت میں مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ یوکے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (FCDO) نے کہا کہ وہ بھارت میں مقامی حکام کے ساتھ مل کر حقائق کو فوری طور پر قائم کرنے اور حادثے کے متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
اس نے قونصلر مدد کے لیے ایک رابطہ نمبر بھی جاری کیا۔ ایف سی ڈی او نے کہابرطانوی شہری جنہیں قونصلر مدد کی ضرورت ہے یا جنہیں دوستوں یا خاندان کے بارے میں خدشات ہیں وہ 5000 7008 020پر کال کریں۔ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارے کو مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 25 منٹ پر لندن کے گیٹوک ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔ لیکن فلائٹ نمبر AI 171 جمعرات کو احمد آباد ہوائی اڈے کے قریب ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا۔