بیجنگ: وسطی چین میں آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے۔ سرکاری میڈیا نے منگل کو اطلاع دی ہے کہ دھماکہ پیر کو صوبہ ہنان کی لنلی کاونٹی میں ہوا۔ سرکاری میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں فیکٹری کی جگہ پر ایک زبردست دھماکہ اور دھواں اٹھتے دکھایا گیا ہے۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا اور لوگ ملبہ گرنے سے بچنے کے لیے چھپنے کے لیے بھاگتے ہوئے دیکھے گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ڑنہوا کے مطابق اس وقت تلاش اور بچاو کی کارروائیاں جاری ہیں اور حادثے کی وجہ جاننے کے لیے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ چین کی ایمرجنسی مینجمنٹ کی وزارت نے منگل کو کہا کہ اس نے جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیوں کی رہنمائی کے لیے ایک ٹیم بھیجی ہے۔ وزارت نے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر دھماکے سے متاثرہ تمام افراد کی شناخت کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی دوسرا حادثہ نہ ہو۔ وزارت نے کہا کہ دھماکے کی وجہ کا جلد از جلد پتہ لگانے کی کوشش کی جانی چاہیے اور ذمہ دارلوگوں کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔