کٹھمنڈو: ہمالیائی ملک نیپال کے مغربی حصے میں مختلف واقعات میں چار نیپالی قلیوں اور کوہ پیماؤں کی اونچائی سے متعلق صحت کے مسائل کے باعث موت ہو گئی۔ حکام نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ قلی دل بہادر گرونگ اور سامگا گھالے اور کوہ پیما رام بہادر تھاپا مگر کی گنڈکی صوبے کے منانگ ضلع میں موت ہو گئی۔ وزارت داخلہ کے تحت نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی آر آر ایم اے) کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، گرونگ اور گھالے غیر ملکی کوہ پیماؤں کا سامان اٹھا رہے تھے، تب انہیں اونچائی سے متعلق صحت کا مسئلہ ہوا اور بعد میں ان کی موت ہو گئی۔
رام بہادر مگر ایک ٹریک سے لوٹنے کے بعد اپنے ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے۔ اسی طرح کے ایک واقعے میں، این ڈی آر آر ایم اے کے مطابق، کاسکی ضلع کے انپورنا بیس کیمپ علاقے میں ٹریکنگ کے دوران اونچائی سے متعلق بیماری میں مبتلا نیپالی شہری سورج مان شریستھا کی ہفتہ کے روز اس ہوٹل میں موت ہو گئی جہاں وہ مقیم تھے۔ اسی طرح، شمالی کنچن جنگا پہاڑ کے بیس کیمپ کی ٹریکنگ سے لوٹ رہے 31 سالہ ایک ہسپانوی شہری کو ہفتہ کے روز اونچائی سے متعلق صحت کا مسئلہ ہو گیا۔
انہیں تاپلی جنگ ضلع کے فکتانگلونگ گاؤں کے ایک گیسٹ ہاؤس سے بچایا گیا جہاں وہ آرام کر رہے تھے۔ وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے مطابق، سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اسی دن علاج کے لیے کٹھمنڈو پہنچایا۔ کاسکی ضلع کا انپورنا علاقہ اور شمالی نیپال کا مستنگ ضلع، دونوں ہی اس وقت ٹریکنگ کے لیے آنے والے ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاحوں سے گلزار ہیں۔