کولمبو: سری لنکا نے مبینہ طور پر اس کی آبی حدود میں مچھلی پکڑنے کے الزام میں اس سال کم از کم 328 ہندوستانی مچھواروں کو گرفتار کیا اور ان کی 41 ماہی گیری کی کشتیاں ضبط کی ہیں۔ وزیر نے یہاں جمعرات کو یہ جانکاری دی۔ سری لنکا کے وزیر مملکت برائے ماہی گیری رتنا گاماگے نے کہا کہ ان کے ملک نے بین الاقوامی سمندری حدود پر "غیر قانونی مچھلی پکڑنے" میں ملوث ہندوستانی کشتیوں کو روکنے کے لیے مہم تیز کر دی ہے۔ وزیر نے زور دیا کہ اس سال غیر قانونی مچھلی پکڑنے کے الزام میں گرفتار بھارتی مچھواروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک 328 ہندوستانی مچھواروں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کی 41 کشتیاں سری لنکائی بحریہ نے ضبط کر لی ہیں۔ گاماگے نے بتایا کہ اس طرح کی مہم ماہی گیری کی وزارت، بحریہ اور پولیس کے مشترکہ اقدامات سے چلائی جاتی ہے۔ سری لنکا کے مطابق ہندوستانی مچھواروں کی تازہ ترین گرفتاری 10 نومبر کو کی گئی۔ سری لنکائی بحریہ نے بتایا کہ اس نے جافنا کے انلاتی وو جزیرے کے قریب اپنی آبی حدود میں مبینہ طور پر مچھلی پکڑنے کے الزام میں 14 ہندوستانی مچھواروں کو گرفتار کیا اور ان کی ماہی گیری کی کشتی ضبط کر لی۔