اسلام آباد:پاکستان میں مزید 3 بچے پولیو وائرس کا شکار بن گئے، پولیو کے 2 کیسز خیبرپختونخوا اور ایک سندھ میں رپورٹ ہوا ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے پولیو کے مطابق پاکستان میں پولیو کے 3 نئے کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد سال 2025 میں اب تک سامنے آنے والے کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے۔
پاکستان دنیا کے ان 2 آخری ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو اب بھی مقامی سطح پر موجود ہے، دوسرا پاکستان افغانستان ہے۔ عالمی سطح پر وائرس کے خاتمے کی کوششوں کے باوجود سیکیورٹی خدشات، ویکسین کے بارے میں ہچکچاہٹ اور غلط معلومات نے ان کوششوں کو سست کر دیا ہے۔ پاکستان پولیو ایریڈیکیشن پروگرام (پی پی ای پی) کے بیان کے مطابق نئے کیسز میں دو خیبر پختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور شمالی وزیرستان سے جبکہ ایک سندھ کے ضلع عمرکوٹ سے رپورٹ ہوا ہے۔
متاثرہ بچوں میں لکی مروت کی تحصیل تختی خیل کی 15 ماہ کی بچی، شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کی 6 ماہ کی بچی، اور سندھ کے ضلع عمرکوٹ کے گاو¿ں چھاچھرو کا 5 سالہ لڑکا شامل ہیں۔ ان کیسز کے بعد 2025 میں پاکستان میں پولیو کے کل کیسز کی تعداد 17 ہو گئی ہے، جن میں سے 10 خیبر پختونخوا، 5 سندھ، جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔