بیجنگ: چین میں قمری نئے سال کی تقریبات کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ چین کے صوبہ ہوبے میں پٹاخوں کی ایک دکان میں ہونے والے زوردار دھماکے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق یہ حادثہ وسطی صوبہ ہوبے کے شہر ژیانگ یانگ میں پیش آیا، جہاں بدھ کے روز پٹاخوں کی دکان میں آگ لگ گئی۔ آگ پر دوپہر تک قابو پا لیا گیا، لیکن اس وقت تک 12 افراد اپنی جان گنوا چکے تھے۔ دھماکے کی وجوہات کی جانچ جاری ہے۔
چین میں قمری نئے سال کے دوران آتش بازی کو خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے، لیکن اسی وجہ سے ہر سال کئی سنگین حادثات بھی سامنے آتے ہیں۔ اس سے پہلے اتوار کو مشرقی صوبہ جیانگ سو میں اسی طرح کے ایک واقعے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے اور دو افراد زخمی ہوئے تھے۔ مسلسل پیش آنے والے ان حادثات نے قمری نئے سال کے دوران پٹاخوں کی فروخت، ذخیرہ کرنے اور استعمال سے متعلق حفاظتی انتظامات پر سنگین سوال کھڑے کر دیے ہیں۔