Latest News

طالب علم کو پاکستانی پرچم پر پیشاب کرنے کے لئے مجبور کرنے کا ویڈیو وائرل، تین لوگوں کے خلاف مقدمہ درج

طالب علم کو پاکستانی پرچم پر پیشاب کرنے کے لئے مجبور کرنے کا ویڈیو وائرل، تین لوگوں کے خلاف مقدمہ درج

نیشنل ڈیسک: علی گڑھ شہر میں ہجوم کی جانب سے مبینہ طور پر ایک اسکول کے طالب علم کو سڑک پر پڑے پاکستانی پرچم پر پیشاب کرنے پر مجبور کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس نے یہ جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ویڈیو میں ہجوم اسکول کے طالب علم کو سڑک کے کنارے پڑے پاکستانی جھنڈے پر پیشاب کرنے پر مجبور کرتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ جیسے ہی یہ ویڈیو سامنے آیا، پولیس نے پیر کی رات تین لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی)کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گورنمنٹ سیکنڈری اسکول کا نویں جماعت کا طالب علم پیر کی دو پہر اپنے دوستوں کے ساتھ اسکول سے گھر واپس آرہا تھا۔ راستے میں رسل گنج کے قریب زمین پر پاکستانی جھنڈا دیکھا اور اسے اٹھالیا۔ اس کے فوراً بعد وہاں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی جنہوں نے بچے سے اس کا نام پوچھا اور اس کے ساتھ بدسلوکی کی۔ ویڈیو میں لڑکا یہ کہتے ہوئے نظر آرہا ہے کہ اس نے تجسس میں جھنڈا اٹھالیا تھا۔ لڑکے کے اہل خانہ کی شکایت پر پیر کی رات بننا دیوی پولیس  اسٹیشن میں تین افراد  راجو، نتن اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس واقعہ کے بارے میں سماج وادی پارٹی کے ضلع جنرل سکریٹری منوج یادو نے کہا کہ پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر کچھ لوگ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یادو نے کہا کہ یہ ویڈیو کافی پریشان کن ہے۔ یہ کوئی الگ تھلگ معاملہ نہیں ہے۔ ہمیں شہر کے دیگر حصوں سے ہراساں کرنے کے اسی طرح کے واقعات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انتظامیہ کو امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کرنی چاہیے۔ ایک الگ واقعہ میں، پولیس نے بتایا کہ کووارسی پولیس اسٹیشن کے تحت سوورنا جینتی نگر میں جوس کی دکان چلانے والے عمر حسین کی دکان میں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ سرکل آفیسر ابھے پانڈے نے کہا کہ ہم نے دونوں واقعات کا نوٹس لیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔ ہم لوگوں سے امن برقرار رکھنے اور افواہوں سے دور رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top