Latest News

امریکہ کے الینوئس میں چاقو سے حملہ ، 4 لوگوں کی موت اور 7 زخمی

امریکہ کے الینوئس میں چاقو سے حملہ ، 4 لوگوں کی موت اور 7 زخمی

نیویارک: امریکہ کے شمالی الینوائے میں چاقو سے حملے کے واقعے میں 4 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ افسران نے یہ معلومات فراہم کیں۔ راک فورڈ پولیس چیف کارلا ریڈ نے کہا کہ 22 سالہ مشتبہ شخص پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ ریڈ نے صحافیوں کو بتایا  کہ میرے خیالات اس وقت متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ راک فورڈ پولیس کو بدھ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1.14 بجے پہلی کال موصول ہوئی، اس کے بعد کئی اور کالیں آئیں۔ پولیس چیف نے کہا کہ فی الحال کسی اور پر اس واقعے میں ملوث ہونے کا شبہ نہیں ہے اور ہمیں ابھی تک اس طرح کے گھناؤ نے جرم کے مشتبہ شخص کے مقصد کا علم نہیں ہے۔ راک فورڈ پولیس نے ابتدائی طور پر اس واقعے میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی، لیکن وینیباگو کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے تعلقات عامہ کے افسر کوری ہلیارڈ نے شام کو بتایا کہ کل سات افراد زخمی ہوئے۔ اہلکار کے مطابق تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ چوتھے نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔
پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں میں 15 سالہ لڑکی، 63 سالہ خاتون، 49 سالہ مرد اور 22 سالہ نوجوان شامل ہیں۔ چاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ اس واقعے سے چند روز قبل راک فورڈ میں والمارٹ کے ایک نوعمر ملازم کو اسٹور کے اندر چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ راک فورڈ کے میئر ٹام میک نامارا نے کہا کہ آج، ہم اپنی کمیونٹی کے بے گناہ افراد کے خلاف تشدد کے ایک اور ہولناک عمل سے حیران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ مشتبہ شخص حراست میں ہے، ہماری بنیادی تشویش اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اس تشدد سے براہ راست متاثر ہونے والوں کی مدد کی جائے۔
 



Comments


Scroll to Top