کیف: یوکرین کی افواج نے ماسکو علاقے میں ایک اہم فیول پائپ لائن پر حملہ کیا ہے جو روسی فوج کو تیل سپلائی کرتی ہے۔ یوکرین کا یہ دعویٰ روس کی جانب سے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر ڈرون اور میزائل حملوں کے درمیان سامنے آیا ہے۔
ٹیلیگرام میسجنگ چینل پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان کے مطابق یہ حملہ جمعے کی رات دیر گئے ہوا۔ ایک نیوز ایجنسی کے مطابق یہ حملہ روسی فوج کے لیے ایک سنگین جھٹکا ہے۔یوکرین کی افواج نے کولتسیووئے پائپ لائن پر حملہ کیا، جو 400 کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہے اور ریازان، نجنی نووگورود اور ماسکو میں ریفائنریوں سے روسی فوج کو پٹرول، ڈیزل اور جیٹ فیول سپلائی کرتی ہے۔
نیوز ایجنسی نے کہا کہ یہ پائپ لائن ہر سال 30 لاکھ ٹن جیٹ فیول، 28 لاکھ ٹن ڈیزل اور 16 لاکھ ٹن پٹرول سپلائی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔