اٹلانٹا: امریکی ریاست جارجیا کے دارالحکومت اٹلانٹا کے ایک پارک میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور چھ سالہ بچے سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی میڈیا نے پیر کو یہ اطلاع دی۔نیویارک پوسٹ کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شام 7 بجے کے قریب پیش آیا جب روزا ایل برنی پارک کے اندر کھیلے جانے والے بیس بال یا سافٹ بال گیم کے دوران ایک شخص نے فائرنگ کر دی جس میں گریڈی (30) نامی شخص کو زخمی حالت میں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا، جہاں اس نے دم توڑ دیا ۔
اس کے علاوہ ایک بچے سمیت دیگر پانچ افراد زخمی ہوئے۔ سبھی کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بچے کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اٹلانٹا پی ڈی کے ڈپٹی چیف چارلس ہیمپٹن جونیئر نے کہاہم نے بارہا شہریوں کو ہتھیاروں کے بغیر مسائل حل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔