National News

حج 2026 کے لیے درخواستیں اگلے ہفتے سے شروع ہوں گی: رجیجو

حج 2026 کے لیے درخواستیں اگلے ہفتے سے شروع ہوں گی: رجیجو

نئی دہلی: اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے جمعہ کو کہا کہ حج 2026 کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور ایک ہفتہ بعد درخواست دینے کا عمل شروع ہو جائے گا مسٹر رجیجو نے آج یہاں حج جائزہ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا، ”ہم نے آج سے حج 2026 کی تیاریوں کا باضابطہ طور پرآغاز کر دیا ہے مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ حج 2025 کو حالیہ تاریخ میں سب سے زیادہ منظم اور کامیاب ترین حج سفر میں سے ایک سمجھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اور اس سے پہلے حج کے دوران کئی واقعات پیش آئے۔ اس بار 64 افراد کی موت ہوئی ہے اور پچھلے سال یہ تعداد 200 سے زیادہ تھی۔اس بارمختلف وجوہات سے 64 افراد کی موت ہوئی ہے۔ حج کمیٹی کے انتظامات میں کمی کی وجہ سے کسی کی جان نہیں گئی۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ حج 2026 کے لئے درخواست کا عمل ایک ہفتہ کے بعد شروع ہوگا۔ میری لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی درخواستیں وقت پر جمع کریں تاکہ مستقبل میں انھیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حج کے دوران مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ رہائش کے حوالے سے تجاویز موصول ہوئی ہیں جن پر حکومت غور کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 65 سال سے زائد عمر کے شخص کے لیے حج پر اپنے ساتھی کو لے جانا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج میں 40 سے 45 دن لگتے ہیں لیکن کم دنوں میں حج کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے پانچ دن اہم ہوتےہیں اور ان پانچ دنوں کے علاوہ تمام عمل کو کم وقت میں مکمل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا، ”حج پر جانے والے لوگوں کے سنگل نام والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر پاسپورٹ میں ایک ہی نام ہے تو اسے درست کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ویزا کے عمل میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔“



Comments


Scroll to Top