نئی دہلی:دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ حکومت کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے یمنا پھر سے اپنے صاف، خالص اور بلاتعطل بہاو کی طرف لوٹ رہی ہے محترمہ گپتا نے جمعرات کے روز کالندی کنج پہنچ کر یمنا کی صفائی کے کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ ہماری حکومت کی مستقل کاوشوں کے نتیجے میں یمنا دوبارہ صاف ہو رہی ہے۔ نالوں کو بند کرنے، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) لگانے اور آلودگی پر قابو پانے جیسے ٹھوس اقدامات کے باعث پانی کے معیار میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھٹھ پوجا کے پیشِ نظر دہلی حکومت یمنا کی صفائی میں پوری طرح مصروف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب یمنا کا یہ حصہ جھاگ سے پاک ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا، ”آج میں اوکھلا کی طرف آئی ہوں۔ یہاں کالندی کنج کے قریب یمنا گھاٹ کو آپ کو دکھانا چاہتی ہوں۔ اکثر ہمارے خیرخواہ اور عزیز لوگ دکھاتے ہیں کہ یمنا میں جھاگ اور گندگی ہے۔“
انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت کے دوران خواتین کو یہاں جھاگ میں کھڑے ہو کر چھٹھ پوجا منانی پڑتی تھی اور سورج کو ارغ دینے کے لیے جھاگ میں ہی کھڑا ہونا پڑتا تھا۔ آج پورا کا پورا یمنا ندی یہاں سے وہاں تک صاف و شفاف ہے۔ کہیں بھی جھاگ یا گندگی نظر نہیں آرہی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس میں مکمل طور پر ماحول دوست گرین ڈی فامر ڈالا جا رہا ہے، جو لیبارٹری میں جانچا گیا ہے اور پانی، مچھلیوں اور دیگر جانداروں کے لیے مکمل طور پر محفوظ ہے۔