National News

سوریہ کمار ہندوستان کو عالمی چیمپئن بنا سکتے ہیں: پونٹنگ

سوریہ کمار ہندوستان کو عالمی چیمپئن بنا سکتے ہیں: پونٹنگ

 دبئی:آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا ماننا ہے کہ سوریہ کمار یادو کو خراب فارم کے باوجود ایک روزہ عالمی کپ کھیلنا چاہئے کیونکہ وہ ہندوستان کو عالمی چیمپئن بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پونٹنگ نے آئی سی سی ریویو پر کہا دنیا بھر میں ہر کوئی جانتا ہے کہ محدود اوورز کی کرکٹ میں سوریہ کیا کر سکتے ہیں۔ میرے خیال میں ٹیم کو ان کے ساتھ رہنا چاہیے۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ ہندوستان کو ورلڈ کپ عالمی چیمپئن بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقل کارکردگی نہیں دکھاتے لیکن وہ اس قسم کے کھلاڑی ہیں جو آپ کو بڑے لمحات میں جیت دلوا سکتے ہیں۔

کچھ ایسا ہی جیسا کہ آنجہانی عظیم اینڈریو سائمنڈز نے آسٹریلیا کے لیے کیا تھا۔ غورطلب ہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے سوریہ کمار ون ڈے فارمیٹ میں زیادہ متاثر نہیں کر پائے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی 21 ون ڈے اننگز میں 24.05 کی اوسط سے 433 رنز بنائے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف گھریلو سرزمین پرکھیلی گئی حالیہ ایک روزہ سیریز کے تین میچوں میں وہ کھاتہ بھی نہیں کھول سکے تھے۔ پونٹنگ نے کہا جب آپ ان لوگوں کو وقت دیتے ہیں، تو آپ انہیں ایک موقع دیتے ہیں، آپ انہیں ایک واضح سمت دیتے ہیں۔

وہ اس کردار کے بارے میں واضح ہو جاتے ہیں جو آپ انہیں ادا کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کے پاس اتنا ٹیلنٹ ہے کہ وہ اکیلے آپ کو میچ میں کامیابی دلاسکتے ہیں۔ میں ہندوستان کے لیے یہی کرتا۔ میں حفاظت کے لیے جانے کے بجائے میچ ونر کا انتخاب کرتا اور مجھے لگتا ہے کہ وہ (سوریہ کمار) میچ ونر ہیں۔پونٹنگ نے کہا کہ سوریہ کمار کو ہندوستان کے لیے ون ڈے کرکٹ میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہیے۔

آسٹریلیا کے ورلڈ کپ فاتح کپتان نے کہامجھے لگتا ہے کہ وہ ویسے بھی صرف پانچ پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ میں انہیں اس سے نیچے نہیں دیکھنا چاہتا، خاص طور پر ہاردک (پانڈیا)، (رویندرا) جڈیجہ اور اکشر (پٹیل) کے ہوتے ہوئے۔ میں کھیل کے تمام فارمیٹس میں اپنے بہترین بلے باز کو زیادہ سے زیادہ وقت دینے میں یقین رکھتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکیونکہ اگر آپ انہیں اکثر آرڈر میں نیچے رکھتے ہیں، تو بعض اوقات آپ کو اپنے بہترین کھلاڑیوں کو استعمال کرنے کا موقع نہیں ملتا ہے اور آپ ایسا بالکل نہیں چاہتے ہیں۔



Comments


Scroll to Top