نئی دہلی:دہلی کی راوز ایونیو عدالت نے نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ معاملے میں کانگرس کی سابق صدر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور دیگر کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے دائر کی گئی چارج شیٹ کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
عدالت نے منگل کے روز ای ڈی کی طرف سے داخل کی گئی چارج شیٹ پر نوٹس لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے بنیاد ہے، کیونکہ یہ کسی ایف آئی آر کے بجائے ایک نجی شکایت پر مبنی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملے میں ابھی دہلی پولیس کی اقتصادی جرائم شاخ نے مقدمہ درج کیا ہے، ایسے میں ای ڈی کی جانب سے داخل کی گئی چارج شیٹ پر فی الحال فیصلہ دینا جلد بازی ہوگی۔
عدالت نے ای ڈی کی جانچ پر سنگین سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ “سی بی آئی نے اب تک کوئی بنیادی جرم (پریڈیکیٹ آفینس) درج نہیں کیا ہے، اس کے باوجود ای ڈی نے تفتیش جاری رکھی۔” عدالت نے یہ بھی کہا کہ جب اصل جرم ہی درج نہیں ہے تو منی لانڈرنگ کی تفتیش کیسے آگے بڑھائی جا سکتی ہے۔