نئی دہلی:ہندوستانی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کانگرسی لیڈر محمد اظہر الدین کو تلنگانہ حکومت میں کابینی وزیر بنائے جانے پرخیرمقدم کرتے ہوئے سماجی کارکن اور کانگرس کے سینئر لیڈرساجد ملک نے امید ظاہر کی کہ وہ تلنگانہ کے مسلمانوں کے مسائل حل کرنے اور ان میں امنگ پیدا کرنے میں پیش پیش رہیں گے انہوں نے محمد اظہر الدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ کانگرس کا یہ مثبت قدم ہے اس کا بہتراثر نہ صرف تلنگانہ میں ضمنی الیکشن پر پڑے گا بلکہ بہار الیکشن میں بھی اس کا مہا گٹھبندھن کے حق میں اچھا پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں اب تک کوئی کابینی وزیر نہیں تھا اور مسلمان کانگریس سے ناراض تھے کیوں کہ تلنگانہ کے مسلمان اپنے آپ کو فریب خوردہ محسوس کررہے تھے کیوں کہ کانگریس کو فتحیاب کرانے میں تلنگامہ کے مسلمانوں نے نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ محمد اظہر الدین کو کافی تجربہ ہے اور وہ اس ذمہ داری کو حسن طریقے سے ادا کریں گے اور مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے میں وہ پیش پیش رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں مسلمانوں کے گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں۔وہاں وقف املاک پر سب سے زیادہ قبضہ ہے۔ اس کے علاوہ مسلمانوں کے ساتھ پیش آنے والے نت نئے مسائل ہیں جن پر خاص طور پر نئے کابینی وزیر توجہ دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ مراد آباد سے لوک سبھا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ سیاست میں کافی تجربہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ محمد اظہر الدین کے ساتھ ان کے کافی پرانے تعلقات ہیں۔ ان میں کام کرنے کا جذبہ ہے اور وہ ملک میں مسلمانوں کے مسائل سے آگاہ بھی ہیں۔ اس لئے ان سے امید ہے کہ وہ مسلمانوں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے میں اپنی مہارت کا استعمال کریں گے اور ساتھ ہی تلنگانہ میں مسلمانوں کی نمائندگی میں کیسے اضافہ ہو اس سمت میں بھی وہ بھرپور توجہ دیں گے۔
واضح رہے کہ ہندوستانی سیاست داں اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان میں اظہر الدین کو پہلے ایم ایل سی بنایا تھا اور اس کے بعد 31 اکتوبر کو کابینی وزیر کا حلف دلایا گیا تھا۔خیال رہے کہ ریونت ریڈی کی کابینہ میں اب تک کوئی مسلم چہرہ نہیں تھا۔