National News

بھوک اور بموں سے مٹ رہا غزہ: 6  ہفتوں میں سینکڑوں اموات، تازہ اسرائیلی حملے میں مزید 28 افراد ہلاک

بھوک اور بموں سے مٹ رہا غزہ: 6  ہفتوں میں سینکڑوں اموات، تازہ اسرائیلی حملے میں مزید 28 افراد ہلاک

انٹرنیشنل ڈیسک:غزہ کی پٹی میں صورتحال مسلسل ابتر ہوتے جارہے ہیں۔ اسرائیل نے تازہ فضائی حملوں میں چار بچوں سمیت کم از کم 28 فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ہفتے کے روز الاقصی شہداء  ہسپتال کے حکام نے بتایا کہ دیر البلاح کے علاقے میں جمعے کی رات سے شروع ہونے والے حملوں میں بچوں اور دو خواتین سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے۔ ناصر ہسپتال کے مطابق پیٹرول پمپ کے قریب ہونے والے حملوں میں مزید 4 افراد ہلاک ہوئے جب کہ خان یونس میں مزید 15 فلسطینی مارے گئے۔ اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں 250 سے زائد اہداف پر حملے کیے گئے جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے، گولہ بارود کے گودام ، میزائل چوکیاں، سرنگیں اور حماس کے دیگر ڈھانچے شامل ہیں۔ تاہم فوج نے شہریوں کی ہلاکت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ 
دریں اثنا، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر (OHCHR) نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں گزشتہ چھ ہفتوں میں امدادی مراکز اور قافلوں کے قریب 798 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے 615 ہلاکتیں امریکہ اور اسرائیل کی حمایت یافتہ غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن (GHF) کے مراکز کے قریب ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ تر افراد گولیوں سے مارے گئے جو کہ انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ OHCHR نے GHF کے ریلیف ماڈل کو غیر محفوظ اور مظالم سے جڑا بتایا ہے۔ ساتھ ہی جی ایچ ایف نے ان الزامات کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے پانچ ہفتوں میں 7 کروڑ سے زائد فوڈ پیکٹ تقسیم کیے، جب کہ کئی جگہوں پر امدادی سامان حماس یا مجرموں نے لوٹ لیا۔ اقوام متحدہ نے بھی غزہ میں لوٹ مار کے واقعات کی تصدیق کی ہے۔
غزہ میں 21 ماہ سے جاری جنگ کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہیں۔ خوراک، پانی اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) نے اعتراف کیا کہ بھوکے لوگ امدادی ٹرکوں کو درمیان میں روک رہے ہیں۔ اسرائیل نے دعوی کیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کر رہا ہے کہ امداد حماس کے ہاتھ میں نہ جائے۔ او ایچ سی ایچ آر نے مطالبہ کیا ہے کہ امداد حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کی ہلاکت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ غزہ کی صورتحال روز بروز بدتر ہوتی جارہی ہے اور لوگ بیک وقت بھوک اور بموں سے مر رہے ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top