لندن: برطانیہ نے روس کو سخت وارننگ دی ہے کہ وہ اپنی سرحدوں میں کسی بھی دراندازی سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب روس کا جاسوسی جہاز 'یانتر' اسکاٹ لینڈ کے شمال میں برطانوی سمندری حدود کے قریب دیکھا گیا۔ برطانیہ کے وزیرِ دفاع جان ہیلی نے بتایا کہ روسی جہاز نے اس کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے برطانوی نگرانی کرنے والے طیاروں کے پائلٹوں پر لیزر کی شعاعیں ڈالیں، جو نہایت سنگین اشتعال انگیز کارروائی سمجھی جاتی ہے۔ ہیلی نے سخت لہجے میں کہا ' میرا پیغام روس اور پوتن کے لیے صاف ہے۔ ہم آپ کو دیکھ رہے ہیں۔
ہم جانتے ہیں کہ آپ کیا کر رہے ہیں۔ اور اگر' یانتر ' جنوب کی طرف بڑھا تو ہم تیار ہیں۔ برطانوی حکام کے مطابق ' یانتر 'روسی بحریہ کا خصوصی جہاز ہے جو امن کے وقت میں جاسوسی اور جنگ کے دوران تخریب کاری کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اسی وجہ سے برطانیہ اور اس کے اتحادی ممالک اس جہاز پر مسلسل نظر رکھتے ہیں۔ ہیلی نے کہا کہ روس کی یہ سرگرمی یورپ کی زیرِ سمندر موجود اہم پائپ لائنوں اور رابطہ کیبلوں کے لیے خطرہ پیدا کرتی ہے، بالکل ویسے ہی جیسے بالٹک سمندر میں ہونے والے حملوں میں دیکھا گیا تھا۔
یہ پہلا واقعہ نہیں
گزشتہ برس وارننگ ملنے کے بعد یانتر برطانوی سمندری حدود چھوڑ کر بحیرہ روم چلا گیا تھا۔ اس برس جب یہ جہاز انگلش چینل سے گزرا تو برطانوی جنگی جہاز HMS Somerset نے اس کا تعاقب کیا تھا۔ برطانیہ نے واضح کیا ہے کہ اس کا دفاعی نظام ہر ممکن روسی قدم کا جواب دینے کے لیے متحرک اور تیار ہے۔