لندن: برطانیہ نے بدھ سے نیا ڈیجیٹل سفری نظام نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت ہندوستانی مسافروں کے لیے ای ویزا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ برطانیہ کے اس نئے نظام کے تحت روایتی کاغذی ویزا ' اسٹیکر 'کا طریقہ ختم کر کے مکمل ڈیجیٹل نظام نافذ کیا گیا ہے۔ ہندوستانی مسافروں کو اب صرف ای ویزا کے ذریعے ہی داخلہ ملے گا۔ جن 85 ممالک کے شہریوں کو پہلے ویزا کی ضرورت نہیں تھی، جیسے ریاستہائے متحدہ امریکہ، کینیڈا اور فرانس، انہیں اب الیکٹرانک سفری اجازت لینا لازمی ہوگا۔ فضائی کمپنیاں مسافروں کو اسی وقت سوار ہونے دیں گی جب ان کے پاس درست ای ویزا، الیکٹرانک اجازت نامہ یا دیگر منظور شدہ دستاویزات موجود ہوں گے۔
برطانیہ کے سرحدی اور امیگریشن نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے منصوبے کے تحت بایومیٹرک رہائشی اجازت نامہ اور ویزا اسٹیکر جیسے کاغذی دستاویزات کو مرحلہ وار ختم کیا جا رہا ہے۔ برطانوی محکمہ داخلہ کے مطابق اب تک ایک کروڑ سے زیادہ ای ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔ ای ویزا نہ گم ہو سکتا ہے، نہ چوری ہو سکتا ہے اور نہ ہی اس میں رد و بدل کیا جا سکتا ہے۔ یہ ویزا رکھنے والوں کو فوری اور محفوظ طریقے سے اپنے امیگریشن حقوق ثابت کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
برطانیہ کے امیگریشن اور شہریت کے وزیر Mike Tapp نے کہا کہ میں برطانیہ سفر کرنے کے خواہش مند تمام افراد سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ روانگی سے پہلے ضروری اجازت حاصل کر لیں تاکہ ان کا سفر آسان ہو۔ اگرچہ ویزا اب ڈیجیٹل ہوگا، لیکن بایومیٹرک اندراج کے لیے درخواست دہندگان کو درخواست مرکز پر خود حاضر ہونا ہوگا۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ اب درخواست کے دوران پاسپورٹ جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے مسافروں کو سہولت ملے گی۔ ماہرین کے مطابق یہ قدم سیکیورٹی، شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ تاہم مسافروں کو پہلے سے زیادہ محتاط اور ڈیجیٹل طور پر تیار رہنا ہوگا۔