لندن: برطانیہ نے 2018 کے 'نرو ایجنٹ' حملے کے حوالے سے جمعرات کو روس کی خفیہ ایجنسی 'جی آر یو' پر پابندی عائد کر دی اور ماسکو کے سفیر کو طلب کیا۔ برطانیہ نے یہ اقدام ایک تحقیقات کے نتائج کے بعد اٹھایا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن 2018 میں برطانیہ کی سرزمین پر ہونے والے 'نرو ایجنٹ' حملے کے ذمہ دار تھے۔ 'نرو ایجنٹ' ایسے زہریلے کیمیکل ہیں جو براہِ راست اعصابی نظام پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ یہ دماغ تک جانے والے سگنلز کو متاثر کر دیتے ہیں، جس کی وجہ سے جسم صحیح طریقے سے کام کرنا بند کر دیتا ہے۔
برطانوی حکومت نے کہا کہ سیلسبری شہر میں ہونے والے اس حملے کے لیے جی آر یو پر مکمل پابندی عائد کی جا رہی ہے، جس میں برطانیہ آئے سابق سوویت ایجنٹ سرگئی اسکرپل کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ 'نووچوک نرو ایجنٹ' کے رابطے میں آنے سے ایک برطانوی خاتون ڈان سٹرجیس کی موت ہو گئی تھی۔ سٹرجیس کی موت کی تحقیقات کی قیادت کرنے والے برطانیہ کے اعلیٰ عدالت کے سابق جج انتھونی ہیوز نے کہا کہ اسکرپل پر حملے کوپوتن کی طرف سے اعلیٰ سطح پر منظوری دی گئی تھی۔