انٹرنیشنل ڈیسک: ترک پولیس نے بدھ کے روز استنبول کے میئر اور کئی دیگر اہم شخصیات کو مبینہ بدعنوانی اور دہشت گردی سے متعلق مقدمات کی تحقیقات کے لیے گرفتار کر لیا۔ میئر اپوزیشن کے مقبول رہنما اور صدر رجب طیب اردوغان کے بڑے حریف ہیں۔ یہ ترکی میں اپوزیشن کی بڑھتی ہوئی آوازوں کے خلاف حکومت کی کا رووائی کے بڑھتے واقعات کا حصہ ہے۔ سرکاری ایجنسی انادولو نے رپورٹ کیا کہ استغاثہ نے میئر ایکرم اماموگلو اور تقریبا 100 دیگر افراد کے لیے حراستی وارنٹ جاری کیے ہیں۔
حراست میں لیے گئے افراد میں اماموگلو کا قریبی ساتھی مورت اونگان بھی شامل ہے۔ گرفتاریوں کے بعد مظاہروں کو روکنے کے لیے حکام نے استنبول کے اطراف کی کئی سڑکیں بھی بند کر دیں اور شہر میں چار روز کے لیے مظاہروں پر پابندی لگا دی۔ NTV ٹیلی ویژن (نجی) نے رپورٹ کیا کہ حراست میں لیے گئے افراد میں استنبول کے دو ضلعی میئر بھی شامل ہیں۔ یہ گرفتاری اماموگلو کے گھر کی تلاشی کے دوران عمل میں آئی، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا پولیس نے جائے وقوعہ سے کچھ برآمد کیا ہے۔