Latest News

وینزویلامیں اقتدار کی تیاری !ٹرمپ نے سمندری شکنجہ کسا ، تیل ٹینکروں کی ناکے بندی کاحکم

وینزویلامیں اقتدار کی تیاری !ٹرمپ نے سمندری شکنجہ کسا ، تیل ٹینکروں کی ناکے بندی کاحکم

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ انہوں نے وینزویلا آنے -  جانے والے پابندی لگائے گئے تمام تیل کے ٹینکروں کی ناکہ بندی کا حکم دیا ہے۔ اس اقدام سے جنوبی امریکی ملک کے رہنما نکولس مادورو پر دبا ؤمزید بڑھ گیا ہے اور اس کا مقصد وینزویلا کی معیشت کو مزید کمزور کرنا معلوم ہوتا ہے۔ یہ اعلان اس واقعے کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے، جب امریکی افواج نے وینزویلا کے ساحل کے قریب ایک تیل کا ٹینکر ضبط کیا تھا۔ یہ غیر معمولی کارروائی خطے میں امریکی فوجی تعیناتی کے بعد کی گئی تھی۔ منگل کی رات سوشل میڈیا پر ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ وینزویلا تیل کو منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر جرائم کی مالی معاونت کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ فوجی دباؤ اس وقت تک بڑھاتا رہے گا، جب تک وینزویلا امریکہ کو اس کا تیل، زمین اور اثاثے واپس نہیں کر دیتا۔ ٹرمپ نے کہا کہ جنوبی امریکہ کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی بحریہ نے وینزویلا کو مکمل طور پر گھیر لیا ہے۔ دوسری جانب وینزویلا کی حکومت نے ایک بیان جاری کر کے الزام لگایا کہ ٹرمپ بین الاقوامی قانون، آزاد تجارت اور جہاز رانی کی آزادی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ اس نے کہا کہ امریکہ اس مبینہ بحری ناکہ بندی کے ذریعے ملک کی دولت لوٹنا چاہتا ہے اور اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے گا۔
امریکی فوجی کارروائی کے تحت بحیرہ کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں بین الاقوامی آبی حدود میں کشتیوں پر کئی حملے کیے گئے ہیں، جن میں کم از کم پچانوے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ نے کہا کہ یہ کارروائی امریکہ میں منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے ہے۔ تاہم صدر کی چیف آف اسٹاف سوسی وائلز نے منگل کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں اشارہ دیا کہ اس کا مقصد مادورو کو اقتدار سے ہٹانا بھی ہے۔ وینزویلا کے پاس دنیا کا سب سے بڑا تصدیق شدہ تیل کا ذخیرہ ہے اور وہ روزانہ تقریباً دس لاکھ بیرل تیل پیدا کرتا ہے۔
 



Comments


Scroll to Top