Latest News

مہاجرین پر سختی یا ظلم: ٹرمپ کے خلاف 19 امریکی ریاستوں نے کھولا مورچہ، بولے - ایچ 1 بی ویزا فیس غیر قانونی

مہاجرین پر سختی یا ظلم: ٹرمپ کے خلاف 19 امریکی ریاستوں نے کھولا مورچہ، بولے - ایچ 1 بی ویزا فیس غیر قانونی

نیو یارک: امریکہ کی 19 ریاستوں نے نئے ایچ 1بی ویزا درخواست گزاروں پر ایک لاکھ امریکی ڈالر فیس عائد کرنے کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مقدمہ دائر کیا ہے۔ ریاستوں نے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے صحت کی خدمات، تعلیم اور ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں افرادی قوت کی کمی مزید بڑھ جائے گی۔ نیو یارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے مزید اٹھارہ اٹارنی جنرلز کے ساتھ مل کر جمعہ کو میساچوسٹس ضلع کی امریکی ضلعی عدالت میں یہ مقدمہ دائر کیا۔ انہوں نے قانونی اختیار یا مناسب طریقہ کار کے بغیر 1 بی فیس میں بھاری اضافے کو چیلنج کیا ہے۔
ایچ 1 بی ویزا پروگرام کے تحت اعلی مہارت رکھنے والے غیر ملکی پیشہ ور افراد کو امریکہ  میں عارضی طور پر کام کرنے کی اجازت ملتی ہے اور ہندوستانی  شہری اس کا بڑے پیمانے پر استعمال کرتے ہیں۔ مقدمے میں دلیل دی گئی ہے کہ نئی فیس سے ان سرکاری اور غیر منافع بخش آجروں کے لیے عملی طور پر مشکلات پیدا ہو جائیں گی جو صحت کی خدمات، تعلیم، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں ضروری خدمات فراہم کرنے کے لیے ایچ 1 بی ویزا رکھنے والوں پر انحصار کرتے ہیں۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ایچ ون بی ویزا باصلاحیت معالجین، نرسوں، اساتذہ اور دیگر کارکنوں کو ہمارے ملک کی ضرورت مند برادریوں کی خدمت کا موقع فراہم کرتا ہے۔
جیمز نے ایک بیان میں کہا کہ اس پروگرام کو تباہ کرنے کی انتظامیہ کی غیر قانونی کوشش سے نیو یارک کے باشندوں کے لیے صحت کی خدمات حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا، ہمارے بچوں کی تعلیم متاثر ہوگی اور ہماری معیشت کو نقصان پہنچے گا۔ میں مہاجر برادریوں کو نشانہ بنانے والی اس بدنظمی اور سختی کو روکنے کے لیے جدوجہد جاری رکھوں گی۔ ستمبر میں ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ان کی انتظامیہ تمام نئے ایچ 1بی درخواستوں پر ایک بار کی ایک لاکھ امریکی ڈالر فیس عائد کرے گی۔
 



Comments


Scroll to Top